جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کشمیریوں کو 73 سال بعد بھی استصواب رائے کا حق نہیں مل سکا : وزیر خارجہ

05 جنوری, 2022 10:43

اسلام آباد : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 73 سال مکمل ہوگئے مگر کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق تاحال نہیں مل سکا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کے حق استصواب رائے کے دن کے موقع پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ آج اقوام متحدہ کے اس وعدے کو 73 سال مکمل ہوگئے کہ تنازعہ جموں وکشمیر آزادانہ وغیرجانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے حل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ5  جنوری 1949 کو اپنی قرارداد کے ذریعے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی حمایت کی تائید و توثیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ استصواب رائے بنیادی حقوق میں سے ایک ہے جو اقوام متحدہ کے منشور سمیت تمام بڑے انسانی حقوق کے قاعدوں اور قوانین میں درج ہے۔ جموں و کشمیر میں اس حق کا انکار اور کشمیریوں کی محکومی انسانی عظمت و وقار کو تسلیم نہ کرنے کے مترادف ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی جبرواستبداد کی وجہ سے کشمیریوں کو یہ حق تاحال نہیں مل سکا۔ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کی تین نسلوں نے اپنی منصفانہ جدوجہد کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوج کے ہاتھوں گزشتہ برس 210 کشمیریوں کا قتل

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت، اقوام متحدہ کے منشور، چوتھے جینیوا کنونشن سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے بعد، زمین چھیننے، غیر کشمیری باشندوں اور باہر سے لائے لوگوں کی آبادکاری کے ذریعے، اپنے غیرقانونی فوجی تسلط کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے قابض بھارتی افواج کے جعلی مقابلوں، نام نہاد چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے نتیجے میں 500 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ یہ بی جے پی، آر ایس ایس کے مشترکہ اخلاقی دیوالیہ پن اور سفاک رویوں کی قابل نفرت عکاسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ذرائع ابلاغ سمیت عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ جموں و کشمیر میں بد سے بدترین ہوتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف بہیمانہ جرائم کے ارتکاب پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق استصواب رائے کے حق کے حصول تک ہم کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top