جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے جاری، ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی، اقوام متحدہ کی مذمت

11 مئی, 2023 12:15

اسرائیل غزہ پر فضائی حملوں کے ذریعے بربریت جاری رکھے ہوئے ہے، جواب میں فلسطینی مسلح گروپوں نے بھی اسرائیل کی جانب راکٹوں کی برسات کردی ہے، ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی۔

فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے میں غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس میں رہائشی کمپلیکس کی عمارت کی اوپری منزل کو نشانہ بنایا گیا، جس میں اسلامی جہاد کے کمانڈر علی غالی سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے۔

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نے بتایا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے جب کہ 64 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام تک غزہ سے 400 سے زائد راکٹ فائر کیے جا چکے ہیں۔ زیادہ تر غزہ کے کھلے علاقوں میں روکے گئے یا گرے، جبکہ کچھ نے اسرائیل میں نقصان پہنچایا۔

اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی اسلامی جہاد کی راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر علی غالی اسرائیل پر داغے گئے حالیہ راکٹوں کا ذمہ دار تھا۔ اب تک غزہ کے محصور ساحلی علاقے میں 100 سے زائد اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فضائی حملے میں فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے تین رہنماؤں سمیت نو عام شہری شہید

اسرائیلی فوجی ترجمان نے بتایا کہ راکٹ حملوں میں حماس کے ملوث ہونے کے کوئی آثار نہیں ملے۔ اسرائیلی حملے صرف چھوٹے اسلامی جہاد گروپ سے منسلک اہداف پر کیے گئے تھے، جو کہ غزہ میں قائم ایک ایرانی عسکریت پسند تنظیم ہے، اور گزشتہ ایک سال سے مغربی کنارے میں تیزی سے سرگرم ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور اسے فوری طور پر روکنے اور تمام فریقوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

ترجمان کے مطابق اسرائیل کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ طاقت کا متناسب استعمال اور فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں اور شہری املاک کو بچانے کے لیئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائے۔

اسلامی جہاد کے ترجمان داؤد شہاب نے بتایا کہ مصر نے غزہ میں جاری سرحد پار لڑائی کے خاتمے کے لیے ثالثی کا کام شروع کردیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top