جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مجھ سے ٹکٹ دینے میں بڑے بڑے غلط فیصلے بھی ہوجاتے ہیں : وزیر اعظم

30 اپریل, 2021 16:02

گلگت : وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر لے جانے والے سب سے بڑے مجرم ہیں، مجھ سے ٹکٹ دینے میں بڑے بڑے غلط فیصلے بھی ہوجاتے ہیں۔

وزیراعظم کی جانب سے گلگت بلتستان کیلئے 370 بلین کے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاشی حالات کے باعث پورے ملک میں پیسے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15 سال کی عمر میں اسکول کے ساتھ دورے پر گلگت آیا تھا۔ گلگت بلتستان کے قدرتی حسن کا مقابلہ دنیا میں کہیں نہیں۔ گلگت بلتستان جیسی خوبانی دنیا میں کہیں نہیں پائی جاتی۔ گلگت بلتستان کا اصل خاصہ یہاں کی سیاحت ہے۔ سوئزر لینڈ کا رقبہ گلگت سے نصف ہے مگر سیاحت سے آمدن کئی گنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت کی سڑکیں بہت خطرناک ہیں، حکومت ان کو بہتر کرنے پر کام کررہی ہے۔ سیاحت میں ترقی ہوگی تو ملک کو فائدہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کم پیسے کے باوجود اس طرح کا پیکیج بڑا کارنامہ ہے۔ قرض کی ادائیگی کی وجہ سے ہمارے پاس کم پیسہ ہوتا ہے۔ مجھ سے ٹکٹ دینے میں بڑے بڑے غلط فیصلے بھی ہوجاتے ہیں۔ ٹکٹ دینے میں غلط فیصلے پر اکثر سوچتا رہتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کا 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جانے کا امکان

عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں 3 طرح کے لوگ سیاست میں آتے ہیں ان میں سے ایک اپنی ذات کو فائدہ پہنچانے کے لیے آتے ہیں، ہمارے یہاں سیاست میں اخلاقیات اتنی گر گئی ہیں کہ اسے کرپشن سمجھا نہیں جاتا، یہ لوگ عوام کا پیسہ چوری کرتے ہیں اور باہر لے جاتے ہیں اور ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں کیونکہ ان ہی کی وجہ سے عوام غریب ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ایسے لوگ ہوتے ہیں جو اپنا پیٹ پالنے کے لیے تو سیاست میں آتے ہیں مگر عوام کے لیے بھی کچھ نہ کچھ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تیسرے ایسے لوگ ہوتے ہیں جو سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں اور عوام کی فلاح کے لیے کام کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر لے جانے والے سب سے بڑے مجرم ہیں، غدار ہیں۔  ہمارے حکمرانوں کے بچے اور جائیدادیں بیرون ملک ہیں۔ ہمارے حکمران چھٹیوں میں لندن جاتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاست عبادت بن جائے تو ریاست عروج پر آجاتی ہے۔ چھوٹا چور محدود طبقے کو جبکہ طاقتور پورے ملک کو نقصان پہنچاتا ہے۔ نیب 20 سال سے ہے، کیا کرپشن رک گئی ہے؟ اب جا کر نیب نے ہمارے دور میں طاقت ور کے خلاف کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ بھی دن تھے جب ملک آگے جارہا تھا اور پھر کرپشن شروع ہوئی۔ انصاف کے بغیر کوئی ملک آگے نہیں جاسکتا۔ جس ملک میں انصاف نہ ہو وہ کبھی عظیم ملک نہیں بن سکتا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top