جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیر خارجہ کی ترک صدر سے ملاقات، فلسطین سمیت دیگر امور پر بات چیت

19 مئی, 2021 12:20

انقرہ : وزیر خارجہ نے ترک صدر سے ملاقات میں فلسطین سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انقرہ کے صدارتی محل میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات سے متعلقہ امور اور فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمناؤں کا خصوصی پیغام ترک صدر کو پہنچایا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ترک قیادت کی سوچ اور وژن میں مماثلت دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے استحکام کا باعث ہے۔ ترک صدر نے وزیر خارجہ کی ترکی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر خاموش رہی تو افسوسناک ہوگا : وزیر خارجہ

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے تُرک صدر کے واضح اور دو ٹوک مؤقف کی تعریف کی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پر زور اور غیر متزلزل حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر نے کہا کہ ترکی، مظلوم فلسطینیوں کے حق میں پاکستان کے موقف اور کاوشوں کا معترف ہے۔ ترکی، پاکستان اور ترکی کے مابین اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی میزبانی کریگا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیر خارجہ کو وزیر اعظم عمران خان کیلئے تہنیتی پیغام دیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top