جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

دعا زہرا کیس : بازیابی کیلئے ایک ہفتے کی مہلت طلب، بچی کو یہاں لانا پڑے گا : عدالت

24 مئی, 2022 11:14

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو واضح کر دیا کہ بچی کو یہاں لانا پڑے گا، یہیں کیس کا فیصلہ ہوگا، یہیں کیس ختم ہوگا۔

سندھ ہائی کورٹ میں دعا زہرا کی بازیابی اور پسند کی شادی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ آئی جی سندھ، ایس ایس پی ایسٹ، دعا زہرا کے والدین اور دیگر پیش ہوئے۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ ہم نے پنجاب پولیس سے رابطہ کیا ہے، معلوم ہوا بچی کو خیبر پختونخوا منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی سی آئی اے نے بتایا کہ ماڈل کورٹ لاہور نے لڑکی کا 164 کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔ ہم نے بچی کی عمر کے تعین کی درخواست دی تھی مسترد ہوگئی۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ یہاں کا ہے، یہیں کیس ختم ہوگا۔ حتمی فیصلہ بھی یہیں ہوگا۔ سندھ میں میرج ریسٹرینڈ ایکٹ ہے کہیں اور شاید نہیں ہے۔ بچی کو یہاں لانا پڑے گا، یہیں کیس کا فیصلہ ہوگا۔

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ مظفر آباد کی لوکیشن ٹریس ہوئی مگر کل تمام نمبرز بند ہوگئے۔ سگنلز بالاکوٹ میں لوکیٹ ہوئے وہاں لڑکی اور لڑکا والدہ کے ساتھ تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پسند کی شادی کا گھر والوں کو پتہ تھا، دعا زہرا کا بیان سامنے آگیا

عدالت نے کہا کہ ہم قانون کے پابند ہیں، جو خلاف ورزی کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی کریں۔ والدین کو دیکھیں، پریشان ہیں۔ ایک دفعہ تو لڑکی کو پیش کرنا ہوگا تاکہ بیان ریکارڈ ہوسکے۔ ابھی تک شناختی کارڈز بلاک ہوئے نہ کوئی اور کارروائی کی گئی۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ جب لاہور میں عدالت میں بیان ہوا سندھ پولیس موجود تھی؟ پولیس نے کہا کہ جی ہم موجود تھے، مگر عدالت نے ہمیں کسٹڈی نہیں دی۔

عدالت نے کہا کہ کسٹڈی لینے کا وقت تھا، آپ نے مِس کر دیا، اب موبائل کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ ایک ہفتہ کا وقت دے دیں کوشش کررہے ہیں۔ جسٹس آغا فیصل نت کہا کہ اتنا وقت نہیں ہے آپ والدین کی حالت دیکھیں۔ جائیں بچی کو ابھی تلاش کریں۔

سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ پی جی صاحب آپ جانتے ہیں ناں، ہم افسران کو ہٹانے کا بھی حکم دے سکتے ہیں۔ جو افسر ناکام ہوگا اس کے خلاف آرڈر پاس کریں گے۔

ڈی آئی جی سی آئی اے نے کہا کہ ہم آئی بی کے ذریعے بھی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ لڑکی بازیاب ہوجائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top