جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ڈونلڈ ٹرمپ چلا گیا، اب عمران خان کے جانے کی باری ہے: سراج الحق

08 نومبر, 2020 15:08

بونیر: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دوست ڈونلڈ ٹرمپ چلا گیا ہے، اب عمران خان کے جانے کی باری ہے، جھوٹ کا ورلڈ کپ ہو جائے تو وزیراعظم جیت لیں گے۔

بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ امریکا، انگریزوں، جاگیرداروں اور کرپٹ لوگوں کا نظام برداشت نہیں، پاکستان میں اللہ کا نظام چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، جھوٹ کا ورلڈ کپ ہو جائے تو وزیراعظم جیت لیں گے، عمران خان نے کہا تھا کہ سو لوگ اگر ان کے خلاف نکلے تو استعفیٰ دے دیں گے۔ آج عوام ہزاروں کے تعداد میں نکلے ہیں عمران خان کو اپنا وعدہ یاد ہونا چاہیئے۔

وزیراعظم کو مخاطت کرتے ہوئے سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ آپ کا دوست ٹرمپ تو چلا گیا اب آپ کی باری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے، پی ٹی آئی نے عوام کا خون نچوڑا، کشمیری شہداء سے غداری کی اور ہمارے کلچر کو تباہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ میرا مسئلہ نیب کا نہیں ہے، پوری قوم کو جدوجہد کے لئے تیار رہنا چاہیئے، موقع ملا تو نیب کے لوگوں کو بھی جیل میں ڈالوں گا۔
سراج الحق نے کہا کہ آپ کب تک لوگوں کو دھوکا دیں گے، گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، یہ حکمران پی پی اور مسلم لیگ کا تحفہ ہیں، دونوں جماعتوں کے لوگ ہی پی ٹی آئی میں ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top