جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ڈس انفو لیب کے انکشافات : مراد سعید کی قومی اسمبلی اور سینٹ میں تفصیلی بحث کی استدعا

11 جنوری, 2021 15:52

اسلام آباد : مراد سعید نے ڈس انفو لیب کے انکشافات پر قومی اسمبلی اور سینٹ کے خصوصی اجلاس بلوانے کی استدعا کردی ہے۔

مراد سعید نے پاکستان کیخلاف بھارتی شرانگیزیاں اور ڈس انفو لیب کے انکشافات پر پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بحث کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو الگ الگ خطوط میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے خصوصی اجلاس بلوانے اور معاملے پر تفصیلی بحث کی استدعا کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارت کی کثیرالجہتی یلغار کررہا ہے۔ معاملے پر پارلیمان میں مفصل بحث کے ذریعے قومی حکمت عملی کی تیاری کی نہایت اہمیت اختیار کرچکی ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیاء کا ہی نہیں بلکہ مسلم امہ کا کلیدی اور اقوام متحدہ کا متحرک ترین رکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سلامتی کونسل میں بھارت کو ذمہ داریاں ملنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں : وزیر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ نازی ازم سے متاثر اس کا سفاک مشرقی ہمسایہ بھارت معصوم انسانوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ رہا ہے شدت پسندوں کے ہاتھوں میں گھری ریاست اپنے شیطانی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان کے گرد شر کا جال بن رہی ہے۔ نریندرا مودی کی سرکار پاکستان کو عدمِ استحکام کی آگ میں جھونکنے کیلئے ریاست کے تمام وسائل برت رہی ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ یورپ کی ڈس انفو لیب نے شیطان صفت ریاستِ ہندوستان کے مکروہ عزائم پوری دنیا پر عیاں کردیے ہیں۔ دشمن کو ہماری صفوں سے ملنے والی خفیہ کمک ڈس انفو لیب کی تحقیقات کا سب سے تشویشناک پہلو ہے۔

دشمن کو پارلیمان کی راہداریوں، سیاسی جماعتوں اور صحافتی اداروں سے آلہ کاروں کا ایک گروہ میسر ہے۔

وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ پارلیمان دیکھے کس طرح بعض بیانات پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ پر استعمال ہو رہے ہیں۔ کہیں جھوٹی خبروں کی زد میں دشمن کے پروپیگنڈہ کا نشانہ اور حصہ تو نہیں بن رہے۔ پارلیمان کے دونوں ایوان صورتحال پر متفقہ قومی حکمت عملی کی تیاری کی تدبیر کریں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top