جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں : محمود خان

05 اگست, 2021 12:10

پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بھارت سے پردہ اٹھایا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینے کا پر زور مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ فاشسٹ بھارت نے اس عرصہ کے دوران کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھنے کیلئے ظلم و ستم کی انتہاءکر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے دو سال قبل مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کی نئی داستان کا آغاز کیا۔ کشمیری عوام کو گزشتہ دو سالوں سے بھارت کی طرف سے بد ترین ریاستی دہشت گردی اور سخت ترین لاک ڈاﺅن کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کی زیر قیادت ریلی

ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم کے سامنے سینہ سپر ہیں، ان کے حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم بین الاقوامی طاقتوں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینے کا پر زور مطالبہ کرتے ہیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے متعدد بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ جس انداز میں اٹھایا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ عمران خان نے بھارت کی انسانیت سوز کاروائیوں سے پردہ اٹھایا ہے اور کشمیر کی نازک صورتحال کو اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری مسلمان جس بہادری اور جرات سے بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف برسر پیکار ہیں ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top