جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بلورخاندان کےاےاین پی سےاختلافات، دانیال بلور مستغفیٰ

09 اپریل, 2019 13:45

عوامی نیشنل پارٹی کے شہید رہنما ہارون بلور اور رکن صوبائی اسمبلی ثمر بلور کے بیٹے دانیال بلور نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ مرکزی عہدیداروں نے گھر میں آکر ہارون کو انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے سے باز رہنے کا ’حکم‘ دیا تھا۔ بلور خاندان نے تصدیق کردی۔

اپنے استعفیٰ میں انہوں نے لکھا ہے کہ پارٹی کی قیادت مجھے انٹرا پارٹی الیکشن سے روک رہی ہے حالانکہ پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن جمہوری انداز میں منعقد کیا جائے گا لیکن جب میں نے پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کا الیکشن لڑنا چاہا تو پارٹی قیادت نے مجھے مخالف امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا حکم دیا جو کہ میرے جمہوری حق کی خلاف ورزی ہے۔

دانیال بلور نے کہا ہے کہ ہمارے خاندان نے عوامی نیشنل پارٹی کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہں لیکن اس کے باوجود مجھے انٹرا پارٹی الیکشن سے روکا گیا۔ اس لیے میں عوامی نیشنل پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

ذرائع کے مطابق ولی خان کے بیٹے ایمل ولی خان اور میاں افتخار حسین نے دانیال بلور کے گھر میں آکر ان کو دوسرے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا حکم دیا جس پر دانیال بلور نے دل شکستہ ہوکر استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

دانیال بلور کا استعفیٰ انٹرا پارٹی الیکشن میں اقربا پروری اور موروثی سیاست کا شاخسانہ ہے کیوں کہ وہ پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کیلئے امیدوار تھے۔

گزشتہ دنوں اسفندیار ولی خان کو مرکزی قائد اور ان کے بیٹے ایمل ولی خان کو خیبر پختونخوا اور ان کے سسر شاہی سید کو سندھ کا صدر ’منتخب‘ کیا گیا جبکہ اسفندیار ولی خان کے بھانجے امیر حیدر خان ہوتی کو ’مرکزی صدر‘ بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ اسفندیار کے ساتھ محض ’قائد‘ لکھا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top