جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سندھ حکومت کا بجلی کے 200 یونٹ اور 2 ہزار روپے کے گیس بلز معاف کرنے کا مطالبہ

06 مئی, 2020 18:22

کراچی : سندھ حکومت نے رہائشی علاقوں کے 200 یونٹ اور 2 ہزار روپے کے گیس بلز معاف کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ لیبر میں 79 شکایات موصول ہوئیں۔ 79 میں سے 53 شکایات حل کرلی گئیں ہیں، 73 شکایات تنخواہیں کم دینے کے حوالے سے تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایسی شکایات بھی آئیں کہ زبردستی استعفے لیے جارہے ہیں۔ کئی جگہوں پر ملازمین کو ڈرا دھمکا کر استعفے لیے گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ کسی کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کورونا وائرس کا شکار بن گئے

ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالکان کی مشکلات کا احساس ہے۔ فیکٹری مالکان اسٹیٹ بینک کی اسکیم کے ذریعے قرضہ لے کر اپنے ورکرز کی تنخواہیں ادا کرسکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک اس قرضے کی شرح سود میں بھی کمی کرسکتا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ پاکستان کے یہ حالات تاریخ میں پہلی بار ہوئے ہیں۔ ہم نے اسکول کی فیس 20 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ میں گزشتہ روز ایک اور پٹیشن فائل ہوئی۔ عدالتی احکامات کے بعد ہم اسکولز کو 20 فیصد فیس کی رعایت کا نہیں کہہ سکتے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی اسکول مالکان کو فیسوں میں رعایت کی درخواست کی تھی۔ کئی اسکولوں نے ہماری درخواست پر ریلیف دیا تھا۔ تمام اسکول ملازمین کو نہ نکالنے اور بروقت تنخواہیں دینے کے پابند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق 200 یونٹ بجلی اور 2 ہزار گیس کے بل معاف کرسکتا ہے۔ وفاقی سے گزارش ہے مدارس مساجد کے بجلی کے بلز بھی معاف کیے جائیں۔ رہائشی علاقوں میں 200 یونٹ استعمال کرنے والوں اور 2 ہزار روپے کے گیس بلز معاف کیے جائیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top