جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ڈریپ کا کینسر کا سبب بننے والی زینٹیک سمیت دیگر ادویات واپس منگوانے کا حکم

24 ستمبر, 2019 09:10

اسلام آباد: ڈریپ نے دوا ساز کمپنیوں کو زینٹیک سمیت دیگر ادویات کی پیداوار روکنے اور مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک بھر میں کام کرنے والی ادویات ساز کمپنیوں کو خام مال ‘رینیٹیڈائن’ کے استعمال سے بننے والی زینٹیک سمیت دیگر ادویات کی پیداوار روکنے اور مارکیٹ سے ایسی تمام دوائیں واپس منگوانے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق اس خام مال کو میدے میں ہونے والی تیزابیت اور دیگر مرض کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان ٹرمپ ملاقات، امریکی صدر کشمیرثالثی پیشکش کا اعادہ

واضح رہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (یو ایس ایف ڈی اے) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ یہ دوا کینسر کا سبب بن سکتی ہے جس کے بعد ڈریپ نے احکامات جاری کیے۔

ڈریپ کے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ رینیٹیڈائن سے بننے والی دواؤں میں نائیٹروسمائن کا گند، این ڈی ایم اے، پایا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق ‘ایف ڈی اے اور یورپی میڈیسنز ایجنسی (ای ایم اے) رینیٹیڈائن میں موجود کم مقدار میں این ڈی ایم اے سے پیدا ہونے والے خدشات کا معلوم کر رہے ہیں’۔

ڈریپ کا کہنا تھا کہ ‘این ڈی ایم اے ایک معروف ماحولیاتی غلاظت ہے جو پانی اور غذا جیسے گوشت، دودھ سے بنی مصنوعات اور سبزیوں میں پایا جاتا ہے’۔

دستاویزات میں کہا گیا کہ ‘ڈریپ عالمی ریگولیٹری ایجنسیوں کے ساتھ مل کر تحقیقات کے نتائج پر نظر رکھنے کے لیے کام کر رہا ہے، تاہم عوامی مفاد میں مریضوں کو این ڈی ایم اے کے خدشات سے بچانے کے لیے تجویز دی جاتی ہے کہ رینیٹیڈائن کے استعمال سے بنی ادویات کی پیداوار مزید احکامات تک روک دی جائیں’۔

مزید کہا گیا کہ ‘یہ درخواست کی جاتی ہے کہ فروخت کے لیے دستیاب ایسی دواؤں کو فوری واپس منگوایا جائے’۔

ڈریپ حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ رینیٹیڈائن 1976 میں دریافت کیا گیا تھا اور اس کا کمرشل استعمال کا آغاز 1981 میں ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس کا استعمال تیزابیت سے نمٹنے کے لیے کیا جاتا ہے اور یہ عالمی ادارہ صحت کے ضروری ادویات کی فہرست میں شامل ہے، یہ امریکا میں سب سے زیادہ تجویز کی جانے والی دواؤں کی فہرست میں 50 ویں نمبر پر ہے، تاہم ایف ڈی اے نے مریضوں سے اس کا استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، علاوہ ازیں کینیڈا نے بھی کمپنیوں کو اس کی پیداوار روکنے اور اسے واپس منگوانے کا کہا ہے جبکہ اس ہی طرح کے اقدامات یورپ نے بھی کیے ہیں’۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top