جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پارک میں دو گھنٹے بیٹھنا صحت کے لئے انتہائی مفید

08 جولائی, 2019 17:45

کراچی(ویب ڈیسک): فطرت اور قدرتی نظاروں میں وقت گزارنے کے صحت پر اثرات باقاعدہ طور پر رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم  سروے سے قبل کسی نے بھی پارک میں جانے اور بیٹھنے کے اثرات کے لیے کم سے کم ضروری وقت کی پیمائش نہیں کی تھی۔

یونیورسٹی آف ایکسیٹر کے سائنسدانوں نے پہلی مرتبہ اس ضمن میں 20 ہزار برطانوی باشندوں کا سروے کیا ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ بہتر اثرات کےلیے کسی پارک یا درختوں کےجھنڈ میں کتنا وقت گزارنا ضروری ہے۔

پروفیسر میتھیو وائٹ نے کہا کہ یہ وقت ایک ہفتے میں دو گھنٹے سے زیادہ ہو تو اس کے واضح فوائد برآمد ہوتے ہیں اور یہی اس فائدے کا جادوئی نمبر بھی ہے۔ سروے میں دو گھنٹے سے کم وقت پارک کو دینے والے افراد نے اپنی صحت پر کوئی خاص اثرات کا ذکر نہیں کیا۔

’یہ کوئی زیادہ وقت نہیں۔ آپ چاہیں تو ایک ہی دفعہ دو گھنٹے پارک یا سبزے میں گزاریں یا پھر اسے سات دنوں پر تقسیم کردیں‘۔ اس ضمن میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی ماہر راشیل اسٹینکلف کہتی ہیں ’ہم ایک عرصے سے جانتے ہیں کہ فطری مقامات بدن اور دماغ پر اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ دو گھنٹے کا وقت وہ ’خوراک‘ ہے جو ہر ایک کے لیے ضروری ہے اور یہ صحت مند رویوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔‘

خواہ آپ کسی بھی عمر کے حصے میں ہوں، ہفتے میں دو گھنٹے کسی پرفضا مقام پر گزاریں، چہل قدمی کیجئے یا تیز قدموں سے چلیے، اس کے بہترین اثرات مرتب ہوں گے۔ اگر آپ دوڑ نہیں سکتے تو کسی بنچ پر بیٹھ کر سبزے کو دیکھیں اور اسے محسوس کیجئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top