جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

لیبیا سے 385 پاکستانی بازیاب، چشم کشاء انکشافات

02 اگست, 2023 17:24

طرابلس: لیبیا میں چند گوداموں پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 385 پاکستانی تارکین وطن مغویوں کو بازیاب کروالیا گیا جس کے متعلق ہوشربا حقائق سامنے آئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے سیکیورٹی فورسز نے تبروک سے 8 کلومیٹر دور الخیر کے علاقے میں غیر قانونی طور پر سرحدی پار کروانے والے انسانی اسمگلروں کے گوداموں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی تھی۔

ان گوداموں میں انسانی اسمگلروں نے پاکستانی تارکین وطن کو یرغمال بنایا ہوا تھا اور رہائی کے عوض ان کے اہل خانہ سے تاوان طلب کر رہے تھے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق تارکین وطن اور انسانی اسمگلرز کے درمیان رقم کی ادائیگی پر جھگڑا ہوا تھا۔ لیبیا پہنچنے کے بعد انسانی اسمگلروں نے تارکین وطن سے مزید رقم طلب کی۔

جس پر تارکین وطنوں نے کہا کہ وہ رقم پہلے ہی دے چکے ہیں جب کہ باقی ماندہ رقم منزل مقصود پر پہنچنے کے بعد ادا کرنی تھی لیکن انسانی اسمگلرز نہ مانے اور سب کو یرغمال بنالیا۔

انسانی اسمگلروں نے تارکین وطن کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور اذیتیں دیں تاکہ ان کے اہل خانہ سے رہائی کے عوض زیادہ سے زیادہ رقم بٹور سکیں۔

پاکستانی تارکین وطن کی شناخت کا عمل جاری ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان رابطے کی بھی اطلاعات ہیں۔

انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جانے والی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 385 پاکستانی تارکین وطن مغویوں کو بازیاب کروالیا گیا جن میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پاکستانی تارکین وطن کی بازیابی کے حوالے سے تاحال پاکستان اور لیبیا کی حکومت کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top