جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سندھ حکومت نے اگر ڈرامے بازی کی، تو انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی : مصطفیٰ کمال

20 مارچ, 2023 15:43

کراچی : ایم کیو ایم رہنماء کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اگر قوم پرستوں کے ساتھ مل کر ڈرامے بازی کی، تو پھر یہ سمجھ لیں کہ آپ کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

سینیئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے فاروق ستار، انیس قائم خانی و اراکینِ رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کچھ مخصوص چہرے ہیں، جو ٹی وی سے اترنے کا نام نہیں لے رہے۔ ان تمام چیلنجز کے بعد ہم نے کراچی کی حالیہ تاریخ کا ایک بڑا جلسہ باغِ جناح میں منعقد کیا۔ تمام کارکنان و ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے انتھک محنت سے جلسے کو کامیاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماری کال پر جلسے میں آکر ایک بار پھر یہ بتایا کہ وہ کل بھی ایم کیو ایم کے ساتھ تھے اور آج بھی ہیں۔ پی پی پی نے 15 سالوں اور پی ٹی آئی نے 4 سالوں میں کراچی والوں کو کچھ نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خالد مقبول صدیقی نے جلسے میں بتا دیا کہ پاکستان میں دو قومیں ہیں یا تو ظالم ہیں یا تو مظلوم ہیں۔ فاروق ستار نے جلسے میں بتایا کہ سندھ کے شہروں میں جو پچھلے کئی سالوں سے سلوک کیا جارہا ہے، اسے بند ہونا چاہیے۔

ایم کیو ایم رہنماء نے کہا کہ ہمیں اب مل کر اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے میدان عمل میں آنا ہوگا۔ ہمیں کوئی بسیں نہیں جلانی، ہمیں کوئی ٹی ٹی نہیں چلانی، ہمیں اب ٹوئٹر پر اپنے مسائل کے حل کے لیے ٹرینڈ چلانے ہوں گے۔ پاکستان میں اب ٹاپ ٹرینڈز فیصلے کرتے ہیں، ہمیں پیسے جمع کرکے موبائل فونز خریدنے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : توشہ خانہ کیس : نئی عدالتی آرڈر شیٹ تیار، عمران خان ذاتی حیثیت میں 30 مارچ کو طلب

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہری علاقوں کی نسل کشی کر رہی ہے، پہلی بار مردم شُماری درست ہو رہی ہے تو پی پی پی آل پارٹیز کانفرنس بلوا کر قوم پرستوں سے گالیاں دلوا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس پاکستان میں آپ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ مہاجروں کو دبا دیں گے، تو یہ آپ کی بھول ہے، کیونکہ ہم جتنا کھو سکتے تھے، کھو چکے۔ ہم اب مرنے سے نہیں ڈرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اگر قوم پرستوں کے ساتھ مل کر کسی قسم کی ڈرامے بازی کی تو پھر آپ بھی یہ سمجھ لیں کہ آپ کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

ایم کیو ایم نے کہا کہ ہمیں گنے سے ڈرنے والے یہ بتائیں کہ ہمیں بتایا جائے کہ ہم پھر کس درجے کے پاکستانی ہیں۔ قیام پاکستان کے لئے 20 لاکھ جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو بتایا جائے کہ ہمیں کیوں درست شمار نہیں کیا جاتا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان ہمیں اپنے آئین میں تحفظ فراہم کرے، اب جو بھی وزیر اعظم بنے گا وہ اسے پہلے ہمارے بنائے گئے مسودے پر عمل کرنا ہوگا۔ ہمارے جلسے میں تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے، جن کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top