جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایک تگڑا شو کرنے لگا ہوں، لیکن بتاؤں گا نہیں : عمران خان

16 جون, 2022 15:42

اسلام آباد : پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش کے خلاف پاکستانی قوم نے اسٹینڈ نہ لیا تو بڑی مشکلات ہوں گی، ہم نے چیف جسٹس کو مراسلہ بھیجا، کیا انہیں تحقیقات نہیں کرنی چاہیے؟ میں ایک تگڑا شو کرنے لگا ہوں، میں ابھی بتاؤں گا نہیں کہ وہ ہے کیا۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان آج جہاں کھڑا ہے، وکلا پر اس سے پہلے اتنی ذمہ داری کبھی نہیں تھی۔ پاکستان کے بانی وکیل تھے، تحریک آزادی میں وکلاء کا بڑا کردار تھا۔ پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں وکلاء کا سب سے زیادہ کردار ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کو قبول کرلینا چاہیے تھا۔ روس کے دورے کی وجہ سے امریکہ ناراض ہوا۔ امریکی انڈر سیکریٹری نے کہا کہ عدم اعتماد میں عمران کو نہ ہٹایا تو بہت برا ہوگا۔ اگر ہٹا دیا تو معاف کردیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ امریکی حکم کے بعد ہمارے اتحادی اور پندرہ بیس لوٹوں کو خیال آگیا۔ امریکی سفارتخانہ حزب اختلاف کے لوگوں سے ملنا شروع ہوگئے۔ امریکی سفارتخانے کا کیا کام کہ بیک بینچر سے ملے؟ خیبر پختونخوا کے وزیر عاطف خان کو بھی وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد لانے کو کہا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں منڈی لگائی گئی۔ منڈی لگانے کے بعد لوٹے خریدے گئے۔ ان لوٹوں کی مدد سے حکومت گرائی گئی۔ انہوں نے لوٹا ہونا تھا تو دو سال پہلے ہوتے، اتحادی دو سال پہلے چلے جاتے۔ یہ سب اس وقت گئے جب ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی معاہدے کے باعث پیٹرول کی قیمت بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں : وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے پہلے دو سال بہت مشکل تھے۔ دوست ممالک نے ہمیں دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ دو سال بعد کرونا وائرس کی وباء آگئی۔ پوری دنیا شٹ ڈاؤن پر چلی گئی۔ مگر ہم نے کہا کہ اگر شٹ ڈاؤن کیا تو لوگ مرجائیں گے۔ ہمارے آخری دو سال میں جی ڈی پی گروتھ پانچ تھی۔ چوتھے سال میں ترقی کی شرح چھ ہونا تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 سال میں سب سے بہترین معاشی پالیسی ہماری تھی۔ ہمارے دور میں سب سے زیادہ ڈالر پاکستان آرہے تھے۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر بھجوائیں۔ تین سالوں میں ہماری معاشی پاور سب سے زیادہ رہی۔ ریکارڈ ایکسپورٹ ریکارڈ ٹیکس کولیکشن رہی۔ سب سے زیادہ پیسہ کسانوں کو دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ بیرونی سازش کے خلاف پاکستانی قوم نے اسٹینڈ نہ لیا تو بڑی مشکلات ہوں گی۔ جنرل مشرف نے اپنی کتاب میں امریکہ دھمکیوں بارے لکھا۔ 400 ڈرون حملے ہوئے، 80 ہزار بے قصور لوگ مارے گئے، کیا کسی حکمران نے کہا یہ خلاف ورزی ہے؟ دنیا کا کوئی قانون آپ کو اس چیز کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ غلامی کے سامنے ڈٹ گیا تھا۔ میں بھی امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک سکتا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے غریب طبقہ پس جائے گا۔ ہم نے روس سے گیس اور بیس ٹن گندم لینی تھی۔ تیل بھی سستا روس سے ملنے والا تھا۔ اب ہم امریکہ سے پوچھ کر روس جائیں گے۔ آج قوم کھڑی نہیں ہوگی تو کوئی وزیراعظم فارن پالیسی نہیں بناسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی امریکا سے اکنامک اور ملٹری پارٹنر شپ ہے۔ انڈیا آج چالیس فیصد کم پر روس سے تیل خرید رہا ہے۔ انڈیا نے پچیس فیصد تیل کی قیمت کم کی ہے۔ ہم کیوں نہیں سستا تیل روس سے لے سکتے؟

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو بہتر جانتا ہوں جتنا ہم جھکیں گے وہ ڈو مور کہیں گے۔ میں امریکہ کا مائنڈ سیٹ جنتا ہوں۔  امریکا کے جوتے پالش کریں گے تو وہ آپ کو حقارت سے دیکھیں گے۔ میں یقین ہی نہیں رکھتا کہ کسی ملک سے ہماری دشمنی ہو۔ ملٹری حل نہیں مانتا۔ میں سمجھتا ہوں سب سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل نے یہ تسلیم کیا کہ مداخلت ہوئی ہے۔ ہم نے چیف جسٹس کو مراسلہ بھیجا، کیا انہیں تحقیقات نہیں کرنی چاہیے؟ صدرمملکت نے چیف جسٹس کو تحقیقات کے لیے مراسلہ بھیجا ہے۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے اوپر ایف آئی آر درج کی گئیں ہیں۔ یہ کون سی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے، کون سا قانون اجازت دیتا ہے۔ میں ایک تگڑا شو کرنے لگا ہوں، میں ابھی بتاؤں گا نہیں کہ وہ ہے کیا۔ آپ سب نے اس میں شرکت کرنی ہے اور وہ میرے لیئے نہیں، سیاست کے لیئے نہیں اپنے ملک کے حقیقی آزادی کے لیئے آپ سب نے نکلنا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top