جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بلاول بھٹو کا قافلہ جب اسلام آباد پہنچے گا تو حکمران گھٹنے ٹیک دیں گے : مرتضیٰ وہاب

01 مارچ, 2022 14:26

کراچی : مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے ثمرات آپ کے سامنے ہیں، بلاول بھٹو کا قافلہ جب اسلام آباد پہنچے گا تو حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریگا۔

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی عوام کو مبارک آباد پیش کرتا ہوں کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے عوامی مارچ کی بدولت پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ حکمران ہیں جو ماضی میں کہتے تھے کہ عالمی منڈی میں تیل کا بہاؤ بڑھ گیا، تو ہم بھی قیمتیں بڑھانے کو مجبور ہیں۔ ابھی 48 گھنٹے ہوئے لانگ مارچ کے ثمرات آپ کے سامنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی مارچ آج مورو سے نکلے گا، پھر مورو، نوشہرو فیروز، خیرپور سے ہوتے سکر پہنچے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب عوام دوست حکمران ہوتے ہیں تو ان کے فیصلے بھی عوام دوست ہوتے  ہیں، یہ عوام کے دوست نہیں دشمن ہیں۔ عوامی مارچ کے پریشر نے ثابت کیا کہ یہ سب ان کا ڈرامہ تھا۔ بلاول بھٹو عوام کا عَلم لیکر نکلے ہیں اور عوام ان کے ساتھ ہیں۔ یہ عجیب حکومت ہے اس کی منطق خود حکومت کو سمجھ نہیں آتی۔

یہ بھی پڑھیں : ملک کو بچانے کیلئے لانگ مارچ بھی ہوگا اور عدم اعتماد بھی ہو گا : سعد رفیق

ترجمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا قافلہ سندھ کے شہروں سے ہوتے ہوئے جب اسلام آباد پہنچے گا تو یہ حکمرانوں کو عوام کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریگا۔ یہ عملی طور پر سب نظر آئیگا۔

انہوں نے کہا کہ  اطہر متین کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ دوسرے ملوث ملزم کو جب قمبر شہداد کوٹ پولیس نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو مزاحمت ہوئی۔ مقابلہ ہوا جس کے دوران وہ ہلاک ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں شیخ رشید نہیں ہوں مگر یہ ضرور کہتا ہوں کہ عوامی مارچ کامیاب ہوگا۔ عوام بلاول بھٹو کے ساتھ ہے۔ شاہ محمود قریشی تحریک استقلال، ن لیگ، پیپلزپارٹی سے ہوتے ہوئے پی ٹی آئی میں پہنچے ہیں۔ اب مستقبل ان کا کیا ہے وہ شیخ رشید بتا سکتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ بلاول بھٹو کے مارچ کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں، سرکاری وسائل کی بات غلط ہے، پولیس اہلکار اپنے کیمپ کے لئے ٹینٹ موبائل میں لے کر گئے۔ جتنے لوگ پی ٹی آئی کے مارچ میں اسٹیج پر ہوتے ہیں، اس سے کم سامنے ہوتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو بین الاقومی حالات کو دیکھنا چاہیے۔ یوکرین سے پاکستانیوں کو ریسکیو کرنے کے لئے اقدام اُٹھانا چائیے، بدقسمتی ہے پاکستانیوں کی کہ ہمارا وزیر خارجہ اپنی ذمہ داری نبھانے کے لئے سب کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کتابیں پڑھنے کا شوق ہے ریحام خان کی کتاب مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔ سوال اہم ہے کہیں بلاوجہ پیکا قانون کی گرفت میں نہ آجائیں۔ پیپلزپارٹی کے ننانوے ووٹوں سے نثار کھوڑو سینیٹر منتخب ہونگے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top