جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ڈریپ کو جان بچانے والی دستیاب ادویات کی فہرست ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم

04 فروری, 2022 13:32

لاہور : سپریم کورٹ نے ڈریپ کو جان بچانے والی رجسٹرڈ اور دستیاب ادویات کی فہرست ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ رجسٹری میں جان بچانے والی ادویات کی عدم دستیابی کے خلاف از خود کیس کا عبوری تحریری حکم جاری کردیا گیا ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسویسی ایشن کے سیکریٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی کی درخواست پر عدالت نے ازخود نوٹس لیا۔ درخواست گزار سلمان کاظمی نے ڈریپ کی رپورٹ پر اعتراض اٹھایا۔

یہ بھی پڑؑھیں : ڈریپ کا کینسر کا سبب بننے والی زینٹیک سمیت دیگر ادویات واپس منگوانے کا حکم

اعتراض میں کہا گیا جان بچانے والی ادویات بلیک میں فروخت ہورہی ہیں۔ ڈریپ نے نامکمل رپورٹ عدالت جمع کرائی۔ رجسٹرڈ اور دستیاب ادویات کی معلومات میسر نہ ہونے سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

فیصلے کے مطابق عدالتی حکم پر ڈریپ نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کرائی۔ ڈریپ نے یقین دہانی کرائی کہ رجسٹرڈ، دستیاب اور عدم دستیاب ادویات کو ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔ عدالت کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرتی ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی ازخود عمل درآمد بینچ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو جان بچانے والی رجسٹرڈ اور دستیاب ادویات کی فہرست ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے عدم دستیاب ادویات کی فہرست بھی ویب سائٹ پر جاری کرنے کا آرڈر دیا ہے۔ عدالتی حکم پر دو ہفتوں میں عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top