جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

افغانستان کی خراب صورتحال پر ملکی مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں : معید یوسف

09 جولائی, 2021 14:12

اسلام آباد : معید یوسف کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال ہمارے قابو سے باہر ہے، حکومت پاکستان کے مستقبل بارے میں بہت پریشان ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے سینیٹ خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ افغانستان میں حالات بہت خراب ہیں۔ صورتحال ہمارے قابو سے باہر ہے۔ حکومت پاکستان کے مستقبل بارے میں بہت پریشان ہے، خطے میں بہترین رابطوں کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں شورش سے پاکستان بہت متاثر ہوگا۔ امریکہ افغانستان سے انخلاء کرچکا ہے۔ افغانستان میں خانہ جنگی کا زیادہ نقصان پاکستان کا ہوگا۔ پاکستان نے باڑ لگا کر بارڈر کراسنگ پر مؤثر نگرانی شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، ماضی سے سیکھ کر حکمت عملی بنا رہے ہیں : وزیر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ افغانیوں کے لئے آن لائن ویزہ اسٹریم لائن کردیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے، ملٹری اور خفیہ ایجنسیاں مستعدی سے کام کررہے ہیں۔ اگر امن چاہتے ہیں تو افغان حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے۔

معید یوسف نے کہا کہ افغانستان کے لئے کوئی امریکی معاشی پیکیج نظر نہیں آرہا ہے۔ صرف پاکستان ہی افغانستان کو تجارتی راہداری فراہم کرسکتے ہیں۔ یو این ایچ سی آر متوقع افغان مہاجرین کے لئے کیمپ قائم کرے۔

مشاہد حسین نے سوال کیا کہ کیا گلگت بلتستان میں طالبان آگئے ہیں؟ جس کے جواب میں قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ انڈیا پروپیگنڈہ ویڈیو بنا کر پھیلا رہا ہے۔ طالبان کی گلگت بلتستان میں کوئی منظم موجودگی نہیں ہے۔ بھارت پروپیگنڈہ کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔ ایجنسیوں نے کافی گرفتاریاں بھی کی ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top