جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایئربیس پارلیامنٹ کی مرضی کے بغیر نہیں دیئے جاسکتے : شازیہ مری

05 جولائی, 2021 14:46

کراچی : شازیہ مری کا کہنا ہے کہ 2012 کے اندر پارلیامنٹ نے قرارداد پاس کی، جس میں واضع ہے کہ ایئربیس پارلیامنٹ کی مرضی کے بغیر نہیں دی جاسکے گی۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ آج پانچ جولائی ہے تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جمہوریت کا خاتمہ کیا گیا۔ عوام کی منتخب حکومت کا خاتمہ کیا اور وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج تک اس دن کے اثرات دیکھ رہے ہیں۔ ملک آج تک بھگت رہا ہے۔ آج بھی بولنے پر پابندی ہے۔ ڈکٹیٹرز کی باقیات موجود ہیں۔ صحافیوں پر پابندیاں لگتی ہیں۔ عوامی اشوزاٹھانے پر پابندی لگ جاتی ہے۔ خواتین صحافیوں کی زبان بندی کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر نے پاکستان کے ساتھ وہ کچھ کیا جو شاید دشمن نے بھی نہیں کیا۔ پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے وہ ضیاالحق کے ایکشن کی وجہ سے ہے۔ ڈکٹیٹر تو آج نہیں مگر ایک کٹھ پُتلی حکمران نظر آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم کی دوسری قسط میں ہزیمت ڈکیت گینگ کا مقدر بنے گی : فردوس عاشق

پی پی رہنماء نے کہا کہ حکمران کسی خوش فہمی میں نہ رہیں۔ پاکستان کو آج بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مہنگائی بڑھ چکی ہے۔ عزت کی زندگی گزارنا مسئلہ بن چکا ہے۔ آج ہر پاکستانی پونے 2 لاکھ روپے کا مقروض ہے۔ آج اتنی مہنگائی ہے ایک باپ اچھی تعلیم نہیں دے پارہا۔ ماں بیٹی کا جہیز نہیں بناسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کونسی ایسی کرپشن کررہے ہیں جو مہنگائی اتنی بڑھ گئی۔ آئے روز تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ وزیر دفاع دعویٰ کرتے ہیں کوئی غریب ڈھونڈ کر دکھائیں۔ وزیر دفاع کو غربت نظر ہی نہیں آرہی، یہ بے حس حکومت ہے۔ عوام کی چیخوں کا حکومت پر کوئی اثر نہیں ہورہا۔ حکومت عوام کا خون چوس کر انہیں دیوار سے لگارہی ہے۔

شازیہ مری نے بتایا کہ 2012 کے اندر پارلیامنٹ نے قرارداد پاس کی۔ اس میں واضع کیا گیا کہ ایئربیس پارلیامنٹ کی مرضی کے بغیر نہیں دی جاسکے گی۔

مشرف نے بغیر معاہدے کے نیٹو کو بیسز دیئے ہوئے تھے۔ عمران نیازی اس وقت مشرف کے حمایتی تھے، وہ تو ملوث تھے۔ جس وقت لوگ پریشان تھے یہ مشرف کے ساتھ تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ امریکہ سے تعلقات قائم کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ آپ نے مودی کو مس کال کی اب بائیڈن کو کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری  بہادر انسان ہیں، اپنے ملک میں رہ کرعلاج کروارہے ہیں۔ خرابی صحت کے باوجود آصف علی زرداری پارلیامنٹ آئے، وزیراعظم نہیں آئے۔ وزیراعظم تو قومی سلامتی کی میٹنگ میں بھی نہیں آئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top