جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پی ٹی آئی کی حکومت پیپلز پارٹی چلا رہی ہے : مصطفیٰ کمال

03 جولائی, 2021 11:48

کراچی : پی ایس پی چیئرمین نے کہا ہے کہ کراچی کی گنتی پوری کرو، پی ٹی آئی کی حکومت پیپلز پارٹی چلا رہی ہے، میئر کے اختیارات بھی آئین میں درج کیے جائیں۔

کراچی کی احتساب عدالت میں کلفٹن میں غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت فاضل جج کی رخصت کے باعث لنک عدالت میں ہوئی۔ سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت 27 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی۔

پاکستان سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ انسانوں کے رہنے کی بدترین جگہ ہے۔ اپنے ہی صوبے کے بچوں کو کتے کے کاٹنے سے نہیں بچا پارہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 13 سالوں میں وفاق سے سندھ کو دس ہزار ارب دو سو بیالیس ارب دیئے گئے، جس میں سے 23 سو ارب تعلیم پر خرچ کئے گئے، سندھ میں ستر لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک نئی بس نہیں چلائی گئی۔ ملک کے دوسرے شہروں میں میٹرو بس چلائی جارہی ہے۔ کراچی کے شہری چنگچی رکشوں میں سفر کررہے ہیں۔ ڈھائی لاکھ لوگوں کو شہر میں ٹرانسپورٹ کی سہولت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی کا امکان نہیں: بلاول

پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ میرے دور میں انڈر پاسز کا جال بچھایا گیا تھا۔ کراچی میں آج بھی سڑکوں کا جال اسی وقت کا بچھا ہوا ہے۔ اس زمانے میں سارے علاقے میں لائنیں بچھادی گئی تھیں۔ کراچی کو ایک بوند اضافی پانی نہیں دیا گیا، پانی ہائیڈرنٹ سے چوری کرکے پیسوں پر بیچا جارہا ہے۔

سابق سٹی ناظم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں دے رہی ہے۔ فوتی کوٹا پر پیپلز پارٹی اپنے لوگوں کو نوکریاں دے رہی ہے۔ کراچی کے ایک شہری کو نوکری نہیں ملی، پیپلز پارٹی نے اپنے لوگوں کو نوکریاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ وفاق سے پیسے لے رہا ہے، لیکن وہ نیچے لوکل ڈپارٹمنٹ کو نہیں دے رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی طرح میئر کے اختیارات بھی آئین میں درج کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق پی ایف سی ایوارڈ بھی وہاں سے جاری کرے، وفاق ہمیں ڈائریکٹ پیسے دے، اس کو آئین کا حصہ بنا دے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، پشاور، ملتان اور گلگت بلتستان کا مسئلا بھی حل ہوجائیگا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، غلط مردم شماری کی منظوری دے کر جائز قرار دیا۔ میں وفاق سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی کی گنتی پوری کرو۔ انشاء اللہ آنے والا وقت پی ایس پی کا ہوگا۔

پی ایس پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا میئر کرپٹ تھا، پکڑا نہیں گیا کہ وہ عمران خان کی پارٹی کا حصہ ہے، جس دن ایم کیو ایم کے رہنما حکومت سے باہر آئینگے تو پکڑے جائینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پیپلز پارٹی چاہے ایک گھنٹے میں حکومت گرا سکتی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت پیپلز پارٹی چلا رہی ہے۔ عمران خان کی باتوں کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔ ہم لوگوں سے رابطے میں ہیں، کشمیر کے الیکشن میں اچھا مقابلہ ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top