جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بے روزگاری بڑھ رہی ہے، پی ٹی آئی کے جرائم معاف نہیں کئے جائیں گے : بلاول بھٹو

02 جون, 2021 10:47

کراچی : بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عام آدمی پر پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ میں اربوں روپے کے ٹیکس لگانے کی منصوبہ بندی کو مسترد کرتے ہیں، دگنی رفتار سے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بجٹ 2021 میں کم آمدنی والا طبقہ عمران خان کے نشانے پر ہے۔ پی ٹی آئی حکومت بجٹ میں بھاری ٹیکس لگا کر معمولی تنخواہیں وصول کرنے والوں پر معاشی بوجھ ڈالنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بجٹ میں عام آدمی کو معاشی طور پر کچلنے کی سازش کو ناکام بنائے گی۔ ایس پی آئی انڈکس کے تحت ملک میں پہلے ہی مہنگائی کی شرح 20 فیصد تک کی بلندی کو چھورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : معیشت سے ناواقف اپوزیشن صرف پوائنٹ اسکورنگ میں لگی ہوئی ہے : عثمان بزدار

ان کا کہنا تھا کہ اگر بدترین مہنگائی کے دور میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں میں جکڑدیا گیا، تو اس سے بڑا کوئی اور ظلم نہیں۔ عمران خان امیروں کو ایمنسٹی اسکیمیں دے کر اور غریبوں سے ٹیکس وصول کرکے اپنی عوام دشمنی ثابت کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی سے پریشان عام آدمی پر پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ میں اربوں روپے کے ٹیکس لگانے کی منصوبہ بندی کو مسترد کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت جس رفتار سے معاشی ترقی کے دعوے کررہی ہے، اس سے دگنی رفتار سے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ملازموں سے بجٹ تیار کرانے والے عمران خان بتائیں کہ ان کی معاشی ٹیم کہاں گئی۔ چوتھا بجٹ پیش کرنے سے پہلے عمران خان تیسرا وزیر خزانہ اور پانچواں سیکریٹری تجارت لے آئے مگر وزیراعظم کی معاشی ٹیم کہیں نظر نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بجٹ سے چند دنوں قبل پہلے محکمہ خزانہ کے سیکریٹری کو بدلا اور پھر معاشی تباہی کو جعلی معاشی ترقی میں تبدیل کردیا۔ اعدادوشمار کا ہیر پھیر کرکے عمران خان اپنے مداحوں سے واہ واہ سمیٹ سکتے ہیں مگر عوام وزیراعظم کے معاشی خوش حالی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک کے بعد ایک ملکی تاریخ کے ناکام ترین بجٹ پیش کرنے والی پی ٹی آئی حکومت کے معاشی جرائم کبھی معاف نہیں کئے جائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top