جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پولینڈ میں مبینہ روسی میزائل گرنے سے دو افراد ہلاک، نیٹو کا جنگ میں کودنے کا خدشہ

16 نومبر, 2022 11:17

پولینڈ کے ایک گاؤں میں مبینہ طور پر ایک روسی میزائل گرنے سے خطے کے حالات مزید کشیدہ ہوگئے، پولینڈ میں فضائی الرٹ جاری کردیا گیا۔

پولش میڈیا کے مطابق منگل کی سہ پہر یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ کے ایک گاؤں پرزیوڈو میں ایک ایسے علاقے میں جہاں اناج سوکھایا جا رہا تھا، ایک میزائل کے گرنے سے دو افراد کی موت ہو گئی۔

ایک سینئر امریکی انٹیلی جنس اہلکار نے بتایا کہ مبینہ روسی میزائل یوکرین کی سرحد سے تقریباً 15 میل دور پولینڈ میں ایک جگہ پر گرے۔ اگر اس بات کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ حملہ جنگ میں پہلی بار ہو گا کہ روسی ہتھیار نیٹو کے کسی ملک پر گرے ہیں۔

روسی وزارت دفاع نے یوکرین-پولینڈ کی سرحد کے قریب اہداف پر کسی بھی حملے کے پیچھے ہونے کی تردید کی ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ مبینہ نقصان کی تصاویر کا روسی ہتھیاروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پولینڈ میں میزائل گرنے کی رپورٹس اشتعال انگیزی ہیں۔ ایسی اشتعال انگیزی سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پولینڈ میں نازیوں کے ہاتھوں قتل ہونیوالے ہزاروں افراد کی اجتماعی قبریں دریافت

دھماکے کے بعد پولینڈ کے وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولینڈ نیٹو کارکن ہے، روسی میزائل حملے کا مطلب نیٹو پر حملہ ہوگا۔ نیٹو کے کسی بھی رکن ملک پر حملہ تمام ملکوں پر حملہ تصور ہوگا۔

اقوام متحدہ نے یوکرین کے خلاف جنگ کو بڑھاوا دینے سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ انہیں پولینڈ کی حدود میں میزائل پھٹنے پر تشویش ہے۔ اس وقت ضروری ہے کہ یوکرین جنگ میں تیزی لانے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top