جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

جیو پولیٹیکل تناظر میں بھارت کا دورہ ضروری تھا : وزیر خارجہ بلاول بھٹو

25 مئی, 2023 17:00

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے جانے سے پہلے فیصلہ کیا گیا تھا کہ اپنے بھارتی ہم منصب سے دو طرفہ ملاقات نہیں کریں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اگست 2019 کے بعد ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ میرے لیے انفرادی طور پر اور دفترخارجہ کے لیے بہت مشکل تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اس معاملے پر اتفاق رائے کے لیے بہت کوششیں کیں، ہم نے یہ فیصلہ کرنے سے قبل سابق سیکریٹری خارجہ سے مشورہ لیا اور حقیقت یہ ہے کہ پہلی دفعہ ہمیں جب پتا چلا کہ بھارت میں ایس سی او کا اجلاس ہو رہا ہے تو کوئی دلچسپی نہیں تھی اور خاص طور پر میرے لیے جذباتی وجہ سے بھی دلچسپی نہیں تھی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ایس سی او ایک بین الاقوامی فورم ہے، جیسا اقوام متحدہ یا جی-77 کے اجلاس ہوتے ہیں تو وہ دو طرفہ نہیں کہلاتے اسی طرح ایس سی او بھی کثیرالاقوامی فورم ہے، اسی طرح روس اور چین اس فورم کے بانی ارکان ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس فیصلے میں یہ نکتہ بھی دکھا گیا کہ اس کا بانی ارکان اور چین ہمارے لیے سب سے اہم ہیں، میں کبھی کوئی پلیٹ فارم چھوڑنے کا حامی نہیں ہوں، اس فورم میں بھی سوچا گیا کہ جہاں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بنیادی طور پر ہمارا ایجنڈا ایٹم ہے اور اس حوالے سے ہم نے سوچا کہ ضروری ہے کہ ہم اس انداز میں جائیں کہ نہ صرف بھارت اور ان ممالک بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مؤقف سامنےرکھیں اور اگر ہم نہیں جاتے تو ہم اپنا نقصان کریں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم کسی کے لیے میدان کھلا کیوں چھوڑیں، اسی طرح وہاں جانے سے پہلے میں نے انفرادی طور پر اپنے اتحادیوں اور اتحادی جماعتوں کے سربراہاں سے مشاورت کی کوشش کی تاکہ ان کی تجاویز کے ساتھ جاؤں۔

انھوں نے کہا کہ جانے کا فائدہ یہ ہوا کہ میں نے پاکستان کا بیانیہ سامنے رکھا جبکہ میزبان ملک کا ارادہ تھا کہ اس پلیٹ فارم کا بھی غلط استعمال کرکے اپنے بیانیے کو بغیر چیلنج کے سامنے رکھے جہاں دو طرفہ مسائل اصولی طور پر نہیں اٹھائے جاتے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایس سی او کے پریس اور اراکین ممالک کے پرچم اور نام بھی ہو وہاں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف جس طریقے سے الفاظ استعمال کیے گئے وہ غیرمناسب تھا اور ایس سی او قواعد کی خلاف ورزی تھی۔

یہ پڑھیں : بھارت جی 20 میں اپنی نشست کا غلط استعمال کررہا ہے: بلاول بھٹو

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top