جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

شیخ رشید کیخلاف موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات پر کارروائی سے روک دیا گیا

06 فروری, 2023 12:12

اسلام آباد : عدالت نے سابق وزیر داخلہ کو بڑا ریلیف دے دیا، موچکو اور لسبیلہ میں شیخ رشید کیخلاف درج مقدمات پر برہمی کا اظہار کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی درخواستوں پر سماعت کی۔

شیخ رشید کی جانب سے وکلاء انتظار حسین پنجوتہ اور نعیم حیدر پنجوتہ عدالت پیش ہوئے اور دلائل دیئے کہ عدالت نے تھانہ آبپارہ کے طلبی کے سمن کے ضمن میں مزید کارروائی سے روکا تھا۔ پولیس نے اسی درخواست پر مقدمے کا اندراج کیا اور گرفتاری کی۔ ایک اور ایف آئی آر کراچی میں درج کی گئی ہے، جب شیخ رشید پولیس کی حراست میں تھے۔ تیسرا مقدمہ مری میں درج کیا گیا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ بیان دینے کی جگہ پولی کلینک اسپتال ہے، تو کراچی میں مقدمہ کیسے درج ہوگیا؟ ایک ہی وقوعہ پر مختلف شہریوں میں ایف آئی آر کیسے ہوسکتی ہیں؟ ان تینوں مقدمات میں گرفتاری ہوچکی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ صرف ایک مقدمے میں گرفتاری ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : میرے ہاتھ پاؤں کو کرسیوں سے باندھے رکھا گیا : شیخ رشید کا الزام

عدالت نے کہا کہ قانون تو یہ کہتا ہے جب ایک مقدمے میں گرفتاری ہو تو باقی میں بھی ہوجاتی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ شیخ رشید کو نامعلوم جگہ پر کرسی سے باندھ کر چھ گھنٹے تک رکھا گیا۔ اس دوران سیاسی سوالات کئے گئے اور تشدد بھی کیا گیا۔

عدالت نے کہا کہ مجھے نہیں سمجھ آرہی کہ یہ سلسلہ رکے گا کہاں۔ آپ نے سیکرٹری انفارمیشن اور ایم ڈی پی ٹی وی کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کردئیے تھے۔ اب وہی کچھ آپ کیخلاف ہورہا ہے۔ ذرا سوچیں اگر خاتون سیکریٹری انفارمیشن کو بڈھ بیر پولیس گرفتار کرکے لے جاتی تو کیا ہوتا؟

اسلام آباد ہائی کورٹ نے موچکو اور لسبیلہ میں شیخ رشید کیخلاف درج مقدمات پر کارروائی سے روکتے ہوئے بار کونسلز، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کردئیے۔ کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top