جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سرجیکل ماسک کے حیرت انگیز فوائد

18 فروری, 2023 15:00

 کورونا  وباء کے بعد کچھ چیزیں بہت عام ہوگئی تھی جس سے لوگ کورونا سے پہلے بے خبر تھے یا پھر اس کے بارے میں دلچسپی نہیں تھی اور وہ مخصوص موقع کے وقت ہی قابل ذکرہوتی تھی۔ ان چیزوں میں آئسولیشن یعنی قرنطینہ ، لاک ڈاؤن ، سرجیکل ماسک وغیر ہ شامل تھے۔

 

ماسک کا استعمال کورونا سے پہلے بہت کم تعداد میں ہوتا تھا بالخصوص کراچی کے لوگ صرف مویشی منڈی جاتے وقت ہی اس کا استعمال کرتے لیکن بعد از کورونا اس کا استعمال بہت بڑی تعداد میں ہونے لگا۔ ماسک کے استعمال کے بعد محسوس ہوا کہ یہ ماسک کورونا کے ساتھ ساتھ بہت سے دوسرے معاملات میں بھی ہماری حفاظت فرماتا ہے اور یقین جانیں اس ماسک کا فائدہ ہم نے کورونا سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ بہت سی چیزوں میں کیا ۔ ماسک لگانے کے دوران بہت سی چیزوں کا تجربہ اور مشاہدہ ہم نے خود کیا اور پھر اس ماسک کے اضافی فوائد کے بارے میں معلوم ہوا تو سوچا آپ کو بھی اس بابت فوائد بتائیں جائیں، تو پھر فوائد پڑھئیے۔

 

دھول مٹی سے بچاؤ کے لئے :

 

کراچی کے شہری کراچی کی سڑکوں کی حالت اور اس پر اُڑتی دھول سے اچھی طرح واقف ہیں،بلکہ لاکھوں شہری اس اذیت کو روز ہی بھگتے ہیں ۔ کراچی کی کچھ سڑکیں ایسی ہیں جہاں پر روز دھول مٹی کا طوفان آتا ہے اور وہ نہ صرف کپڑے خراب کرتا ہے بلکہ ساتھ ساتھ انسانی صحت کے لئےبھی مضر ہے ۔ لیکن جب بائیک چلاتے ہوئے ماسک کا استعمال شروع کیا ہےاس وقت سے زندگی میں بہت سکون محسوس ہوتا ہے۔ گلا بھی اب ہر دو مہینے میں خراب نہیں ہوتا اور بہت سی مٹی کو ناک پر آنے سے پہلے ہی ماسک کی مدد سے روک دیا جاتا ہے۔

 

یہ پڑھیں : کاش کراچی یتیم ہوتا

 

پبلک ٹوائلٹ کی بدبو سے بچاؤ :

 

یقینا آپ کو یہ بات تھوڑی کامیڈی ٹائپ محسوس ہورہی ہوگی ، مگر یہ ماسک اس مقام پر انتہا سے زیادہ فائدے مند ثابت ہوا ہے ۔ ایک پبلک ٹوائلٹ آفس میں بھی ہوتا ہے جہاں روز جانا ہوتا ہے ، جہاں 150 بندوں کے لئے 3 ٹواٹلٹ ہوتے ہیں تو سوچئیے کیا حال ہوتا ہوگا ، وہ پورا علاقہ عجیب و غریب قسم کی بدبوؤں سے بھرا ہوتا ہے لیکن جب سے ماسک کا استعمال شروع کیا ہے اس علاقے بدبوامیں جاکر متلی نہیں آتی اور کچھ گڑبر بھی محسوس نہیں ہوتی ۔

 

 

لوگوں کی منہ کی خوشبو سے بچاتا ہے :

 

اکثر لوگ بہت قریب آکر بات کرنے کے شوقین ہوتے ہیں اور اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں کہ ان کے منہ سےبد بو آرہی ہوتی ہے۔ اب ان لوگوں سے تعلق اس طرح کا ہوتا ہے کہ نہ ان کو جھڑکا جاسکتا ہے اور نہ ان سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ آپ کے منہ سے بو آرہی ہے کیونکہ اس سے تعلقات میں دڑاڑ پیدا ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے۔ تو بس اسی طرح کا تجربہ ہمارا بھی رہا اور ہمارے پاس ماسک کے علاوہ اس کا کوئی حل نہیں تھا اور ہم نے اس موقع پر ماسک کا استعمال کرکے ناک سے بدبو کو اور تعلقات کو بچالیا۔

 

اس بارے میں پڑھیئے : ہر قسم کےعلاج کے لئے رابطہ کریں

 

ناک کٹ جانے کی صورت میں بھی فائدے مند :

 

ناک کٹ جائے تو اس کو چھپانے کے لئے سرجیکل ماسک بھی بہت فائدے مند ہے۔ناک کٹ جانے سے مراد حقیقی ناک کی بات نہیں ہورہی ہے بلکہ اس ناک کی بات ہورہی ہے کہ جب کوئی ایسا کام آپ سے سر زد ہوجائے کہ منہ چھپانے کی ضرورت پڑجائے یا پھر ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ آپ نے کسی سے کوئی قرضہ لیا ہو اور آپ کو اس سے بچنا ہو اور آپ اس مقصد کے لئے ماسک کا استعمال کرسکتے ہیں۔

 

پرفیوم چوک سےبچنے کے لئے:

 

کراچی میں پہلے دو ،چار ہی پرفیوم چوک  ہوتے تھے لیکن عوام اور حکومت کی انتھک نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے کراچی کی کافی گلیوں نے پرفیوم چوک کا روپ دھار لیا ہے اور وہاں پر چوبیس گھنٹے بدبو کے بھبکے اٹھتے رہتے ہیں ۔ان بدبوؤں سے حکومتی ارکان کو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا البتہ عام عوام کوبہت پریشانی رہتی ہے۔ کیونکہ حکومت تو کوئی حل نہیں نکال رہی البتہ عام عوام نے اس کا حل ماسک کی صورت میں نکالا ہے اور میرے خیال سے اس کے علاوہ کوئی چارہ ہی نہیں اور عوام کو حکومت سے زیادہ اب ماسک کا آسرا ہے۔

 

نوٹ : جی ٹی وی نیٹ ورک اور اس کی پالیسی کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
[simple-author-box]

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top