جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

راستوں کی بندش اور گرفتاریاں، آئی جی اسلام آباد طلب، صوبائی حکومتوں کو نوٹس

25 مئی, 2022 11:04

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے راستوں کی بندش اور گرفتاریوں پر سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد کو آج طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ میں لانگ مارچ کے دوران راستوں کی بندش اور گرفتاریوں کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، اسکولز اور ٹرانسپورٹ بند ہے۔ معاشی لحاظ سے ملک نازک دوراہے اور دیوالیہ ہونے کے در پر ہے۔ کیا ہر احتجاج پر پورا ملک بند کر دیا جائے گا؟ تمام امتحانات ملتوی، سڑکیں اور کاروبار بند کر دیے گئے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجھے تفصیلات کا علم نہیں ہے، معلومات لینے کا وقت دیں۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب کیا آپ کو ملکی حالات کا علم نہیں ہے؟ سپریم کورٹ کا آدھا عملہ راستے بند ہونے کی وجہ سے پہنچ نہیں سکا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ماضی میں بھی احتجاج کیلئے جگہ مختص کی گئی تھی۔ میڈیا کے مطابق تحریک انصاف نے احتجاج کی اجازت کیلئے درخواست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ کا ہائی پروفائل مقدمات میں تبادلے اور تقرریاں روکنے کا حکم

اٹارنی جنرل نے کہا کہ انتظامیہ سے معلوم کرتا ہوں کہ درخواست پر کیا فیصلہ ہوا ہے۔ صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار شعیب شاہین نے کہا کہ پولیس وکلاء کو بھی گھروں میں گھس کر گرفتار کر رہی ہے۔ سابق جج ناصرہ جاوید کے گھر بھی رات گئے پولیس نے چھاپہ مارا۔ مظاہرین اور حکومت دونوں ہی آئین اور قانون کے پابند ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کا اختیار کسی کو نہیں ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ مسلح افراد کو احتجاج کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟

شعیب شاہین نے کہا کہ ابھی تو احتجاج شروع ہی نہیں ہوا تو مسلح افراد کہاں سے آ گئے؟ مولانا فضل الرحمان دو مرتبہ سرینگر ہائی وے پر دھرنا دے چکے ہیں۔ بلاول بھٹو بھی اسلام آباد میں لانگ مارچ کر چکے ہیں۔ اب بھی مظاہرین کیلئے جگہ مختص کی جا سکتی ہے۔

عدالت نے سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو آج 12 بجے طلب کرتے ہوئے چاروں صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کر دیئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top