جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

رانا ثنا للہ پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان، جہانگیر ترین عدالت سے انصاف لیں

17 اپریل, 2021 14:42

اسلام آباد : فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی پر پابندی حکومت کا فیصلہ ہے، کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات میں را کا ہاتھ ہے، جہانگیر ترین عدالت سے انصاف لیں۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ڈسٹرکٹ اسپتال روالپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحریک لبیک کے احتجاج کے دوران زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیر علاج اہلکاروں کی عیادت کرنے آئے ہیں۔ الحمدللہ جو فتنہ تھا اس پر احسن طریقے سے قابو پایا۔ اس وقت ملک بھر میں صورت حال ٹھیک ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی پر پابندی حکومت کا فیصلہ ہے۔ کسی ملک یا قوت کے کہنے پر پابندی نہیں لگائی گئی۔ تحریک انصاف نے پانامہ کیس اور ووٹ کی پامالی روکنے کے لئے احتجاج کیا۔ پاکستانی قوم عظیم ہے، جسے مزید آگے لے کر چلنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات میں را کا ہاتھ ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی بہادری کو وزیراعظم نے سراہایا۔ نبی ﷺ سے عشق کا معاملہ ہم سب کا یکساں ہے۔ رسول کریم کے عشق کے بغیر تو ہم مسلمان نہیں ہیں۔ مجبوری میں سوشل میڈیا پرعارضی طور پر پابندی لگائی گئی۔

فواد چوہدری نے رانا ثنا للہ کی دھمکی پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ رانا ثنا اللہ نے سرکاری افسران کیلئے شدت پسندوں والی زبان استعمال کی۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت بوکھلا گئی، ان کا احتساب اور کرپشن کا منترہ پٹ چکا ہے : رانا ثنا اللہ

انہوں نے کہا کہ یہ زبان بانی ایم کیو ایم اور پھر شدت پسندوں نے استعمال کی۔ رانا ثناء اللہ کو الطاف حسین بننے کا شوق ہے۔ قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پر کارروائی ہوگی۔ آپ افسران کو دھمکیاں دیں گے اور نہ اداروں کو بلیک میل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاتی عمرہ میں کسی کا گھر نہیں گرا رہے۔ وزیراعظم کو رپورٹ ملی متعدد اراکین اسمبلی نے زمینوں پر قبضے کئے ہوئے ہیں۔ کھوکھر برادران سے سرکاری زمین واپس لی، انہوں نے سرکاری زمین پر محل بنا رکھا تھا۔

پاکستان مسلم دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ پاکستان ایٹمی طاقت اور پانچواں بڑا ملک ہے۔ ہماری سیکورٹی فورسز نے افغانستان میں مختلف طاقتوں کو شکست دی۔ جو بھی لوگ پاکستان کو نیچا دکھانے چاہتے ہیں، وہ سمجھ لیں پاکستان ایک عظیم ریاست ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جہانگیر ترین پہلے رہنماء نہیں جن پر الزام لگا ہو۔ بابر اعوان، علیم خان اور سبطین خان پر الزامات لگے۔ سب نے عدالتوں میں کیسز کا سامنا کیا اور دوبارہ حکومت میں آگئے۔ جہانگیر ترین صاحب بھی عدالت سے انصاف لیں۔

فواد چوہدری نے بعد ازاں شہید بینظیر بھٹو اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسپتال میں داخل زخمی پولیس اہلکار کی عیادت کی۔ ان کے ہمراہ شہباز گل، عامر کیانی، آر پی او راولپنڈی بھی تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top