جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

میانمار میں احتجاج جاری، مزید گیارہ مظاہرین ہلاک، چین سے مدد کا مطالبہ

09 اپریل, 2021 10:38

نیپاٹاؤ : میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے مزید گیارہ مظاہرین کو ہلاک کردیا گیا۔

میانمار میں فوجی بغاوت، سیاسی و سماجی رہنماؤں کی گرفتاری اور شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف مختلف علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک مظاہروں کے دوران 50 بچوں سمیت 598 عام شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ 2 ہزار 847 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

شمال مغربی میانمار میں احتجاج کے دوران سیکورٹی فورس کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں مزید گیارہ مظاہرین ہلاک ہوگئے۔

دوسری طرف برطرف حکومت کے بعض ارکان پارلیمنٹ نے فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق ہزاروں دستاویزی شواہد اور ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لندن میں میانمار کے سفارتخانے میں بھی فوجی بغاوت، سفیر کو باہر نکال دیا گیا

میانمار میں سول حکومت کی بحالی کے لئے منتخب حکومتی نمائندوں کی قائم کردہ قومی اسمبلی نمائندہ کمیٹی سے ایک شخصیت نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مارشل لاء لگنے سے اب تک پہلی دفعہ میانمار میں چین کے سفارت خانے کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ چین کے قونصل جنرل سے ٹیلی فونک بات چیت میں چین سے تعاون کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

چین کے قونصل جنرل نے ملک میں درپیش صورتحال پر تشویش کا اور ملکی استحکام کی بحالی کی تمنا کا اظہار کیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top