جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان 6 دن بعد 6 لاکھ آدمی لے آئیں، ان کی حمایت کردوں گا : رانا ثناءاللہ

26 مئی, 2022 10:56

اسلام آباد : وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کسی جمہوری احتجاج پر یقین نہیں رکھتا ہے، ساری کنٹینر سے توہینِ عدالت کے اعلان کرتے رہے۔ عمران خان 6 دن بعد 6 لاکھ آدمی لے آئیں، میں ان کے مطالبے کی حمایت کردوں گا۔

وزیر داخلہ راناثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان خیبر پختونخوا اور جی بی حکومت کے وسائل استعمال کرکے یہاں آئے۔ عمران خان 6 دن بعد 6 لاکھ آدمی لے آئیں، میں ان کے مطالبے کی حمایت کردوں گا۔ عمران خان الیکشن ہار جائے گا، تو پھر کہے گا دوبارہ الیکشن کراؤ۔

انہوں نے کہا کہ اس ہی کی وجہ سے ملک اس نہج پر پہنچ چکا ہے۔ معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ پولیس اور فوج سے عمران خان کی لڑائی ہم کیوں کرائیں گے؟ یہ خیبر پختونخوا کی پوری پولیس سول ڈریس میں اپنے ساتھ لیکر آئے۔ یہ سرکاری مشینری رکاوٹیں ہٹانے کیلئے اپنے ساتھ لیکر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد کی پولیس کو ایک بھی گولی ایشو نہیں کی تھی۔ ہم نے پولیس کو صرف آنسو گیس دی تھی۔ عمران خان کسی جمہوری احتجاج پر یقین نہیں رکھتا ہے۔ فتنہ فساد عمران خان کا ایجنڈا ہے، یہ لوگوں کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد عمران خان کے پاس 20 ہزار لوگ جمع ہوئے۔

بعد ازاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ساری رات میں نے خود سیکیورٹی حالات کی مانیٹرنگ کی ہے۔ عوام نے فسادی، فتنہ جتھہ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کا حکومت کو چھ دن میں انتخابات کی تاریخ دینے کا الٹی میٹم

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے غلط بیانی کر کے اسلام آباد میں طے شدہ جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت لے کر عمران نیازی شہر میں داخل ہوئے اور ڈی چوک جانے کا اعلان کر کے وعدہ خلافی کی۔ میٹرو بس سٹیشن جلائے گئے، درختوں کو آگ لگائی گئی عوام نے سب دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں فسادی جتھہ ساری رات جلاؤ کرتا رہا، ساری رات عمران نیازی کنٹینر سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اُڑاتا رہا، کنٹینر سے توہینِ عدالت کے اعلان کرتے رہے۔ پولیس نے ایک بھی ربڑ بلٹ نہیں چلائی تمام جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اٹھارا رینجرز اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں۔ اسلام آباد پولیس اور رینجرز لوگوں کی جان و مال کا فریضہ اسی طرح انجام دیتے رہیں گے۔ میں اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے ہر جوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آئین اور ریاست کی رٹ کو یقینی بنانے کے لئے واضح احکامات دے تاکہ فتنہ پرور ٹولے کو اسلام آباد سے نکال باہر کر دیا جائے اور اسلام آباد کے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے بڑی بہادری کے ساتھ ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت کی اور فسادی جتھوں کو آنسو گیس سے کنٹرول کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top