جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

دنیا کو ترکیہ کی مدد کرنی چاہیے، او آئی سی سے ہنگامی اجلاس کی درخواست کروں گا : وزیر اعظم

18 فروری, 2023 12:44

اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  ترکیہ ہمارا دیرینہ برادر ملک ہے، ہم ایک خاندان کی طرح ہیں۔ دنیا کو ترکیہ کی مدد کرنی چاہیے، او آئی سی سے ہنگامی اجلاس کی درخواست کروں گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ حکومت اور عوام کی جانب سے ترکیہ کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر بے حد افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے، جو ترکیہ میں بدترین زلزلے کے بعد مدد کو پہنچا۔ 30 ہزار سے زائد افراد ترکیہ سانحے میں جاں بحق ہوئے۔ ترک بھائیوں کے لیے 500 ٹن سے زائد امدادی سامان پہنچایا، جس میں خیمے، کمبل، ادویات اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنا نقصان ہوا، اس کے لیے جتنی بھی مدد کی جائے وہ کم ہے۔ ہمارے وزراء نے ایک ماہ کی تنخواہ زلزلہ زدگان کیلئے عطیہ کی۔ پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے 14 افراد کو ملبے سے زندہ نکالا۔

یہ بھی پڑھیں : ترکی میں معجرہ، لڑکی کی قبر تیار تھی، مگر زندہ نکل آئی، ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 44 ہزار ہوگئی

وزیر اعظم نے کہا کہ طیب اردوان سے بات چیت ہوئی، وہ عظیم صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ امید ہے ترکیہ کی حکومت اور عوام جلد اس بحران سے نکل آئیں گے۔ زلزلے کے بعد طیب اردوان سے فون پر افسوس کیا اور ہر ممکن مدد کی پیش کش کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سے خیموں کا ایک اور طیارہ جلد ترکیہ پہنچ جائے گا۔ سیلاب اور زلزلوں کے دوران ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی۔ ترکیہ کے صدر ہمیشہ پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئے۔ ترکیہ ہمارا دیرینہ برادر ملک ہے، ہم ایک خاندان کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی مدد کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کو فوری اجلاس بلانا چاہیے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ہنگامی اجلاس کی درخواست کروں گا۔ عالمی برادری کو بھی اس صورتحال میں ترکیہ کی مدد کرنی چاہیے۔ اجتماعی کوششوں سے ہی ان حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top