جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

افغانستان میں مصالحانہ کردار سے واضح ہوگیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے: وزیر خارجہ

30 جون, 2021 11:47

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں، ہم نے افغان فریقین کی معاونت کی، صدر بائیڈن بھی کہہ چکے ہیں کہ افغانستان کا مسئلہ افغانوں نے حل کرنا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان امن عمل، علاقائی سلامتی و فیٹف کے حوالے سے اہم بیان میں کہنا تھا کہ دنیا کے سامنے پاکستان کی سوچ اور بھارت کی سوچ واضح ہوگئی ہے، افغانستان میں مصالحانہ کردار سے واضح ہو گیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے خیر سگالی کا جواب 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اقدامات سے دیا، بھارت کی طرف سے یکطرفہ، غیر آئینی اقدامات سے کشیدگی نے جنم لیا، مقبوضہ کشمیر میں بگڑی ہوئی صورتحال کی ذمہ دار بھارتی سرکار ہے، کشمیری قیادت جو ماضی میں دلی سرکار کا حصہ رہی وہ بھی ان اقدامات سے ناخوش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں قیام امن ہماری ضرورت ہے، پاکستان نے وہ کرنا ہے جو اس کے مفاد میں ہے: وزیر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی گزشتہ دنوں بلائی گئی بیٹھک ناکامی سے دوچار ہوئی، مقبوضہ کشمیر سے متعلق سفارتی محاذ پر ہمارا مؤقف آج بھی واضح ہے،

ہمارے یو این سلامتی کونسل کو لکھے گئے خطوط ریکارڈ پر ہیں، مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے آصف زرادی کا بیان میری نظر سے گزرا، افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں، ہم نے افغان فریقین کی معاونت کی، صدر بائیڈن بھی کہہ چکے ہیں کہ افغانستان کا مسئلہ افغانوں نے حل کرنا ہے۔ امریکا، چین ، روس یا دیگر علاقائی ممالک سب سہولت کاری کر سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپنے تحفظ کے لیے ہمیں جو اقدامات اٹھانا پڑے ہم ضرور اٹھائیں گے، فیٹف کا تقاضا تھا کہ منی لانڈرنگ کو روکا جائے، وزیر اعظم عمران خان منی لانڈرنگ کا تدارک اور خاتمہ چاہتے ہیں، فیٹف تکنیکی فورم ہے سیاسی نہیں، بھارت اس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کچھ اندرونی اوربیرونی قوتیں پاکستان کے امن میں خلل ڈالنا چاہتی ہیں، کچھ اندرونی اوربیرونی قوتیں چاہتی ہیں پاکستان کی توجہ بٹی رہے، پاکستان کا کبھی کوئی جارحانہ اراداہ نہیں تھا اور نہ ہے، بھارت کا پاکستان پر ڈرونز کا الزام بے بنیاد ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top