جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اتحادی حکومت کا ایک سال بڑے چیلنجز اور مشکلات کا سال تھا : وزیر اعظم

11 اپریل, 2023 14:20

اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت کی ایک سال کی کارکردگی کامیابی کے سفرسے عبارت ہے، عمران خان کی جانب سے بچھائی گئی اقتصادی سرنگوں کے باوجود ڈیفالٹ کی تمام پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آج اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل ہو رہا ہے۔ جب میں نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا، یہ سال بڑے چیلنجز اور مشکلات کا سال تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک صرف اس حوالے سے بے مثال نہیں تھی کہ پی ڈی ایم اقتدار میں آئی بلکہ اس لئے کہ پاکستان کی تقریباً تمام سیاسی قوتیں پارلیمنٹ کے فورم کو استعمال کرتے ہوئے آئینی ذرائع سے غیر مقبول حکومت کو ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہٹانے کے لئے مجتمع ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف منشور رکھنے والی سیاسی جماعتوں کا قومی مقصد کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونا ملک کے سیاسی ارتقاء میں ایک اہم پیشرفت کی عکاسی کرتا ہے۔ اپریل 2022 کے بعد کا دور محاذ آرائی اور انتقام کی بجائے مفاہمت اور تعاون کی نئی سیاست کا آئینہ دار ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے بچھائی گئی اقتصادی سرنگوں اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود معیشت بدستور رواں دواں ہے اور ڈیفالٹ کی تمام پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئیں، معیشت کی بحالی کے لئے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نیازی دور حکومت میں پاکستان کے سفارتی تعلقات کو پہنچائے جانے والے نقصانات کے ازالے اور تشکیل نو کے ساتھ ساتھ انہیں وسعت دینے کے لئے سرگرداں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو یہ بتا سکتے ہیں کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہم نے ایک شراکت دار اور دوست کے طور پر پاکستان کی ساکھ قائم کرنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گزشتہ سال بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، حکومت نے اس سے نمٹنے کے لئے فیصلہ کن انداز میں بچاؤ، ریلیف اور بحالی کی کاوشیں کیں، لاکھوں متاثرین کو سماجی تحفظ فراہم کیا اور عالمی برادری کو متحرک کیا، ان اقدامات کو دنیا نے سراہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اگر وفاقی حکومت نے الیکشن فنڈز نہ دیئے تو وزیر اعظم نا اہل ہوں گے : فواد چوہدری

وزیراعظم نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے تحت حکومت نے گزشتہ سال اپریل میں اپنے قیام کے بعد سے اسلام آباد میں ترقیاتی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی جلد تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو نقل و حرکت میں آسانی، آرام دہ اور سستی سہولت کی فراہمی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہم نے شہریوں کو سہولت دینے کے لئے انرجی مکس کے لئے کوششیں بروئے کار لائی ہیں اور اس سلسلے میں شمسی، ہائیڈل اور کوئلے سے بجلی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کا مقصد بجلی پیدا کرنے کے مہنگے ذرائع کو سستے منصوبوں میں بدلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے، جیو اسٹریٹیجک مخاصمت، ایندھن، غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے اور بدترین سیلاب موجودہ مہنگائی کے چند عوامل ہیں، ان مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے سماجی تحفظ کے نیٹ کو وسعت دی اور ٹارگٹڈ سبسڈی مہیا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا، یہ بہترین بین الوزارتی رابطہ کاری اور ہماری عسکری قیادت کی طرف سے دی جانے والی حمایت کی بدولت ممکن ہوا، یہ ایک طویل سفر تھا لیکن مسلسل کوششوں نے اسے ممکن بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کے لئے موسمیاتی سفارتکاری کا استعمال کیا۔ جی 77 پلس چین کے صدر کی حیثیت سے ہم لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام میں معاون رہے، جنیوا میں کانفرنس میں 9 ارب ڈالر کے اعلانات ہماری کامیاب سفارتکاری کا ثبوت ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top