جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیر اعظم شہباز شریف کا عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم

02 مئی, 2022 15:32

اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات دلانے کے لئے پرعزم ہے، عید الفطر کے تین روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے نیک تمناﺅں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز نے کہا ہے کہ صبر، ایثار اور قربانی کےاس ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم اپنے ارد گرد تمام نادار ومفلس اور ضرورت مند افراد اور خاندانوں کا خاص خیال رکھیں۔ یہ ہی اس دن کی حقیقی روح اور نبی رحمت کی سنت اطہر کا پیغام ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کی پی کے ایل آئی میں پچاس فیصد مفت علاج فراہم کرنے کی ہدایات

انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات دلانے کے لئے پرعزم ہے اور بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ عید الفطر کے تین روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اہل وطن عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں مناسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کی خوشیوں اور پہلے سے مہنگائی سے پسی ہوئی عوام کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ میرا اپنی قوم سے وعدہ ہے کہ ہمارا ہر دن، ہر پَل اور ہر صلاحیت آپ کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے صرف ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہر آنے والے دن کے ساتھ آپ محسوس کریں گے کہ آپ کی حکومت کی محنت کے نتیجے میں آپ کی مشکلات میں کمی آرہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے خوشیوں کے اس دن ہم اپنے فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے محکوم مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد کرتے ہیں اور ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی انہیں ظلم وجبر واستبداد سے نجات دلائے اور آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنے افغان عوام کے لئے بھی نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوش حالی کے لئے دعا گو ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top