جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے : آئی جی پنجاب

06 اکتوبر, 2021 14:21

لاہور : آئی جی پنجاب نے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے، انہوں نے کہا کہ وسائل کے استعمال میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد بارے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے پلان پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلات بتائیں۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ خفیہ معلومات کے حصول اور ترسیل کیلئے انٹیلی جنس نظام کو مضبوط سے مضبوط اور مؤثر بنایا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو تیز سے تیزتر کرنے کیلئے وسائل کے استعمال میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس، اقلیتی عبادت گاہوں سمیت حساس مقامات کی حفاظت اور سرویلنس پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ کالعدم تنظیموں بالخصوص فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان نے پیٹرول بلند ترین سطح پر پہنچا کر جیبوں پر ڈاکا مارا ہے : بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پر مبنی وال چاکنگ اور گستاخانہ تقاریر کی نشر و اشاعت پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کرایہ داری اندراج اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچی آبادیوں، ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں اور ہوٹلز سمیت دیگر حساس مقامات کے گرد کومبنگ، سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ صوبے کے حساس مذہبی و عوامی اور ہائی پروفائل مقامات کا سیکیورٹی آڈٹ دوبارہ کروایا جائے۔

راؤ سردار علی خان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان اورایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، وسیم احمد خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top