جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

خیبر پختونخوا حکومت کو چھ ماہ میں زلزلہ متاثرہ اسکولز کی تعمیر مکمل کرنے کا حکم

21 دسمبر, 2021 14:44

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کو چھ ماہ میں تمام اسکولوں کی تعمیر مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں خیبر پختونخوا کے زلزلہ متاثرہ اسکولز کی حالت زار سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

خیبر پختونخوا حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے زلزلہ متاثرہ 244 اسکولوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ زلزلہ متاثرہ تمام اسکولوں کی تعمیر 70 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔

وکیل کے مطابق سپریم کورٹ نے اگست میں خیبرپختونخوا میں زلزلہ متاثرہ اسکولوں می تعمیر کے لیے وقت دیا تھا۔ شمالی اضلاع میں موسم سرما کے دوران تعمیراتی کام مکمل طور پر بند رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دبئی ایکسپو : خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں : اے سی ایس

چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ زلزلہ متاثرہ اسکول ہمیشہ زیر تعمیر ہی رہیں گے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ایک ڈیڈ لائن بتا دیں کب تک تمام اسکولوں کی تعمیر مکمل ہو کر فعال ہو جائیں گے؟

خیبر پختونخوا کے وکیل نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ اسکولوں کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے مارچ کے بعد کا دو ماہ کا وقت دیا جائے۔

سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کو چھ ماہ میں تمام اسکولوں کی تعمیر مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے اور چیئرمین ایرا کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چھ ماہ بعد زلزلے سے متاثرہ اسکولوں کی تعمیر مکمل ہونے کی رپورٹ نا پیش کی تو توہین عدالت کی کارروائی ہو گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top