جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بھارتی کمانڈر بھی پاکستان کے امن فوجیوں کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

20 ستمبر, 2024 09:44

بھارتی فورس کے کمانڈر نے پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت، لگن اور غیرمتزلزل عزم کو سراہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی سوڈان میں یونائیٹڈ مشن کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو لکھے گئے خط میں پاکستانی امن فوجیوں کی تعریف کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی کمانڈر نے اپنے خط میں پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق ایس موہن نے بریگیڈیئر شفقت اقبال کی بطور سیکٹر کمانڈر اور لیفٹیننٹ کرنل شہباز اسلم کی جانب سے کمانڈنگ آفیسر کے طور پر ادا کیے جانے والے کردار کا خصوصی طور پر اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فورس کمانڈر کا اعتراف بین الاقوامی امن کوششوں میں ایک قابل اعتماد اور قابل شراکت دار کے طور پر پاکستانی فوج کی ساکھ کا ثبوت ہے۔

بھارتی جنرل نے کہا کہ پاکستانی امن فوجیوں نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پیچیدہ اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول میں مشکل کاموں کو انجام دیا اور یہی ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔

ایس موہن کا کہنا تھا کہ پاکستانی دستے نے دن رات کام کیا اور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ڈھائی لاکھ سے زائد اندرونی طور پر بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی حفاظت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں فعال تعاون کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے اصولوں کو عملی جامہ پہنانے میں مدد کے لیے عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے اہم کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

دو پاکستانی خواتین امن دستوں کو اقوام متحدہ کے نظریات کو فروغ دینے میں ان کی شاندار کارکردگی اور عزم پر تسلیم کیا گیا اور انہیں محکمہ امن آپریشنز کے انڈر سیکرٹری جنرل کی جانب سے صنفی وکالت ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بین الاقوامی ماحول میں خدمات انجام دیتے ہوئے میجر ثانیہ صفدر اور میجر کومل مسعود  نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، لگن کا مظاہرہ کیا اور مشن کے امن و استحکام کی کوششوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top