جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بھارت کو سمجھنا چاہیئے کے پی ایل میں کرکٹ کھیلی جارہی ہے سیاست نہیں ہورہی

02 اگست, 2021 15:52

مظفرآباد: صدر کے پی ایل عارف ملک کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو تگڑا جواب دیا ہے، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اندرونی معاملہ ہے۔

صدر کشمیر پریمیئر لیگ عارف ملک کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ کمنٹیٹرز اور پروڈکشن کریو کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمارا مورال بہت بلند ہے اور فرنچائز بھی لیگ میں حصہ لینے کیلئے پرعزم ہیں۔

عارف ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈ کو دھمکیاں دے رہا ہے، مونٹی پنیسر کے بیان سے بھی واضح ہوگیا ہے کہ بھارت غیر ملکی کو کے پی ایل میں حصہ لینے سے روک رہا ہے۔

صدر کے پی ایل کا کہنا تھا کہ ہرشل گبز آج جنوبی افریقہ سے کشمیر پریمیئر لیگ کیلئے روانہ ہورہے ہیں، آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو تگڑا جواب دیا ہے، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اندرونی معاملہ ہے، آئی سی سی کے جواب کے بعد پوری دنیا بھارت کا مذاق اڑا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ جینٹلمین گیم ہے، بھارت اسے اپنی گندی سیاست سے آلودہ نہ کرے: شہریار آفریدی

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیئے کے پی ایل میں کرکٹ کھیلی جارہی ہے سیاست نہیں ہورہی، ہرشل گبز بھارت کے دباؤ کو ٹھکراتے ہوئے پاکستان پہنچ رہے ہیں، بھارت نے کمنٹیٹرز کو بھی کے پی ایل میں شمولیت سے روکا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے پی سی بی کے پی ایل میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں کے این او سی نہیں روکے گا، کوشش کر رہے ہیں مزید بین الاقوامی کھلاڑیوں کو قائل کریں کہ کے پی ایل کو جوائن کریں۔

عارف ملک کا کہنا تھا کہ کے پی ایل کو لیکر مقبوضہ کشمیر میں بھی بہت جوش وخروش ہے، کوشش کررہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی کے پی ایل دیکھ سکیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top