جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اقوام متحدہ میں یوکرین پر قرارداد، پاکستان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا

24 فروری, 2023 14:04

نیو یارک : پاکستان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں یوکرین پر پیش ہونے والی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ پاکستان کے علاوہ 31 ممالک نے قرارداد کی حمایت یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔

قرارداد اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں کے مطابق یوکرین میں منصفانہ اور دیرپا امن سے متعلق تھی، جس کے حق میں 141، مخالفت میں 7 ووٹ ملے، جنرل اسمبلی نے قرارداد منظور کر لی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریاستی خودمختاری، مساوات اور علاقائی سالمیت کے اصول کے احترام کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں روس کیخلاف قرارداد منظور، یوکرین میں جنگ ختم کرنے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان، دھمکی یا طاقت کے استعمال سے علاقوں کے حصول سے باز رہنے کے مطالبے کا حامی ہے۔ طاقت کے استعمال سے ریاستوں کو توڑا نہیں جا سکتا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ان اصولوں کا عالمی سطح پر اطلاق اور احترام نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا دنیا کو جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ، غیرقانونی اور زبردستی الحاق کا معاملہ نظر نہیں آتا؟ میرا وفد قرارداد کے مسودے میں موجود اصولوں، عمومی شقوں سے اتفاق اور توثیق کرتا ہے۔

منیر اکرم نے کہا کہ قرارداد میں شامل کچھ شقیں پاکستان کے اصولی موقف سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ پاکستان براہ راست، بالواسطہ مذاکرات یا بذریعہ ثالثی منصفانہ، پائیدار حل، دشمنی کے خاتمے کا حامی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ چارٹر کے تحت، سیکریٹری جنرل کشیدگی کم کرنے، ازسرنو مذاکرات کروائیں۔ جاری تنازعے کو مذاکرات اور پرامن سفارتکاری سے حل کیا جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top