جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ضمنی انتخابات تک حمزہ شہباز بطور وزیر اعلیٰ کام کریں گے : سپریم کورٹ

02 جولائی, 2022 15:43

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ امید ہے پرویز الہٰی اور حمزہ شہباز کی پرامن انتخابات کی یقین دہانی پر عملدرآمد ہوگا، ضمنی انتخابات تک حمزہ شہباز بطور وزیر اعلیٰ کام کریں گے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے پی ٹی آئی کی وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت پر 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔

فیصلے کے مطابق پنجاب اسمبلی کی عمارت میں ڈپٹی اسپیکر اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ایک ہفتے کے اندر اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز اور پوری کابینہ شفاف انتخاب کو یقینی بنائے۔

فیصلے میں حکم دیا گیا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق لاہور ہائیکورٹ ایک ہفتے میں تفصیلی فیصلہ جاری کرے، جس کے بعد الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن کرے گا۔ 17 جولائی کو پنجاب کے ضمنی انتخابات صاف، شفاف اور قانون کے مطابق کرائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب برقرار، نیا انتخاب 22 جولائی کو ہوگا: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے کہا کہ ضمنی الیکشن پر کوئی سرکاری ادارہ یا قانون نافذ کرنے والے ادارے اثر انداز نہ ہوں۔ ہنگامی صورتحال کے علاوہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور صوبائی الیکشن کمیشن میں تقرر و تبادلے نہ کیے جائیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ضمنی انتخابات مکمل ہونے تک پنجاب میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم یا فنڈ جاری نہیں ہوگا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان کا ماحول خوشگوار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ امید ہے پرویز الہی اور حمزہ شہباز کی پرامن انتخابات کی یقین دہانی پر عملدرآمد ہوگا۔

فیصلے میں لکھا گیا کہ ضمنی انتخابات تک حمزہ شہباز بطور وزیر اعلیٰ کام کریں گے۔ مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنے پر پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن اور ق لیگ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کیس نمٹایا جاتا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top