جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

جرمنی کا سیلاب زدگان کیلئے ایک کروڑ یورو امداد دینے کا اعلان

07 اکتوبر, 2022 18:50

برلن: جرمنی نے سیلاب زدگان کے لیے ایک کروڑ یورو امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے جرمن ہم منصب کے ساتھ برلن میں مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے کس قدر تباہی ہوئی، اندازہ لگانا مشکل ہے، سیلاب متاثرین خصوصاً بچے کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، سیلابی پانی سے پیدا ہونے والے مچھر ملیریا کا سبب بن رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے، جرمنی پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، جرمن کمپنیاں پاکستان میں انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔

جرمن وزیر خارجہ نے سیلاب زدگان کے لیے ایک کروڑ یورو امداد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین میں جرمنی کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے، افغانستان کے معاملے پر پاکستان کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، پاکستان کے تعاون سے افغانستان سے بڑی تعداد میں انخلا ممکن ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: یہ سیلاب آسمان سے نیچے آیا، دنیا سے بھیک نہیں انصاف مانگ رہے ہیں : بلاول بھٹو زرداری

اس کے علاوہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گرم جوش میزبانی پر جرمن ہم منصب کا مشکور ہوں، پاکستان اور جرمنی کے درمیان بہترین سفارتی تعلقات ہیں، پاکستان اس وقت سیلاب کی صورت میں مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے، تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں تاریخ کی بڑی تباہی پھیلائی ہے، پاکستان کا ایک تہائی رقبہ سیلاب سے شدید متاثر ہوا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افرا براہ راست متاثر ہوئے، سیلابی پانی کے باعث متعدد بیماریاں پھیل رہی ہیں، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اس بڑی آفت کا سامنا کرنا پڑا، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ بننے والی گرین گیسز میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، ہمیں اس موسمیاتی تباہی سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کی معاونت درکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے، پاکستانی طلبہ کے لیے جرمنی ایک بہترین ملک ہے، یورپی یونین میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top