جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

16 فروری, 2023 10:07

اسلام آباد : عدالت نے سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری پر عمران خان کے مبینہ قتل کے الزام پر گرفتار سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

شیخ رشید کے وکیل سلمان اکرم راجہ، ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر خان جدون اور ایس ایچ او آبپارہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ایک الزام کی بنا پر ضمانت خارج کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ الزام کیا لگایا گیا ہے؟ وکیل نے بتایا کہ نیوز چینل پر ایک بیان دکھایا گیا، جس کی بنا پر تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شیخ رشید اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ اگر تو یہ جرم نہیں دہراتے اور انڈر ٹیکنگ دیتے ہیں تو عدالت دیکھ لے۔ شیخ رشید ایک سینئر سیاستدان ہیں، ان کی گفتگو پارلیمانی ہونی چاہیے۔ جو حکومت میں ہیں، وہ کل اپوزیشن میں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شیخ رشید کیخلاف موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات پر کارروائی سے روک دیا گیا

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں پرائمری اسکول کے نصاب سے ہی تربیت شروع کرنی پڑے گی۔ سب ایک ہی قسم کی گفتگو کرتے ہیں، سب پارلیمانی ہے۔ ریمارکس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

جہانگیر جدون نے کہا کہ شیخ رشید نے وزیر داخلہ اور بلاول بھٹو کو ننگی گالیاں دیں، جس پر سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ  کیس ہی نہیں ہے جو ایڈووکیٹ جنرل بیان کر رہے ہیں۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ شیخ رشید کی بیان کی تفصیلات پیمرا سے حاصل کی گئیں۔ شیخ رشید نے بیان دیا کہ انہوں نے عمران خان سے یہ انفارمیشن لی ہے۔ آصف زرداری کی عمران خان کے خلاف مبینہ سازش کے شواہد شیخ رشید سے نہیں ملے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ضمانت مسترد ہونے کی وجوہات لکھی گئی ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اگر ضمانت ہوئی تو باہر آ کر دوبارہ ایسا بیان دے سکتے ہیں۔ عدالت نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top