جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آشوب چشم: پنجاب میں جعلی انجیکشن لگنے سے متعدد افراد کی بینائی چلی گئی

24 ستمبر, 2023 15:50

لاہور: آشوب چشم کے مرض میں مبتلا متعدد افراد جعلی انجیکشن لگنے کے باعث بینائی سے محروم ہوگئے۔

قصور اور لاہور کے آشوب چشم وبا سے متاثرہ مریضوں کو انجکشن لگائے گئے، پنجاب حکومت نے انکوائری کا حکم دے دیا۔

نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بتایا کہ آشوب چشم کی وبا کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مارکیٹ سے آنکھوں کے انجیکشن اٹھا لیے گئے ہیں جبکہ جعلی انجیکشن فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنکھوں کی دوا مارکیٹ میں بیچنے کی اجازت نہیں ہے، آشوب چشم پر کمیٹی بنائی ہے جو 3 روز میں رپورٹ کرے گی۔ میڈیسن اور سپلائی چین سے متعلق رپورٹ مانگی ہے، ضروری ادویات کی عدم فراہمی پر تحقیقات جاری ہیں، کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کے پاس 20 متاثرہ افراد کے نام آئے ہیں، جعلی انجیکشن کا سیمپل ٹیسٹ کرانے کے لیے محکمہ صحت کی لیب بھجوایا ہے، ٹیسٹ رپورٹ فوری نہیں ملتی، 2 سے 3 روز درکار ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں صحت کے شعبے میں بہتری عوام کو نظر آئے، آشوب چشم کی وبا کی تحقیقات جاری ہیں، ڈینگی کے تدارک کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں، ضروری ادویات کی فراہمی کو مارکیٹ میں یقینی بنارہے ہیں، ضروری ادویات کو مارکیٹ سے غائب کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آنکھوں کو متاثر کرنیوالے انجکشن کو مارکیٹ سے ہٹادیا گیا، جعلی انجکشن فراہم کرنیوالے 2سپلائر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، متاثرہ مریضوں سے بھرپور تعاون اور نقصان کا ازالہ کریں گے، آنکھوں کے مسئلے سے متعلق تحقیقات جارہی ہیں، ملتان، قصور، صادق آباد سے شکایات آئی ہیں، 5 سینئر افسران تحقیقات کررہے ہیں،3روز میں رپورٹ پیش کرینگے۔

وزیر صحت پنجاب جمال ناصر کا کہنا تھا کہ دوا ذیابیطس کے مریضوں کی سوجن ختم کرنے میں استعمال ہوتی ہے، یہ دوا بہت عرصے سے استعمال ہورہی تھی، کچھ لوگوں نے بے پناہ منافع کیلئے لوگوں کی زندگی سے کھیلا، کچھ لوگ انجکشن پرایک ،ایک لاکھ روپے کمارہے تھے، بینائی جانے کے واقعات پنجاب کے کئی شہروں میں ہوئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top