جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آصف زرداری کی کرپشن کہانیاں نیدرلینڈز کی اسکول کتابوں میں چھپ گئیں؟

11 اپریل, 2023 11:04

سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آصف زرداری کی کرپشن کی کہانیاں اب نیدرلینڈز کے اسکولوں کی کتابوں میں شامل کی جا رہی ہیں۔

سماجی میڈیا کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے ایک پوسٹ کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ نیدرلینڈز میں اسکول کے بچوں کو آصف زرداری کی کرپشن کا مضمون پڑھایا جا رہا ہے۔

اسی پوسٹ میں ایک کتاب کی تصویر بھی شامل تھی، جس میں لکھا تھا کہ سابق پاکستانی صدر ’’مسٹر ٹین پرسنٹ کرپشن کے الزام میں گرفتار‘‘۔ صارف نے اپنے تبصرے میں کہا کہ مسٹر ٹین پرسنٹ کیلئے بدعنوانی کے اسباق کے طور پر ڈچ کتابوں میں شامل کیا جانا کتنا شرمناک لمحہ ہے۔ اس قسم کا دعویٰ ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کیا گیا۔

اس حوالے سے نیدر لینڈز کی وزارت تعلیم، ثقافت و سائنس کا کہنا ہے کہ یہ تصویر درحقیقت ملک میں چار سالہ سیکنڈری ووکیشنل ایجوکیشن پروگرام کی نصابی کتاب سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ اپوزیشن سے مذاکرات کریں: آصف زرداری

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ باب چار سالہ پروگرام میں داخلہ لینے والے 16 سالہ طلبہ کیلئے پرانی اسکول کی نصابی کتاب سے ہے، جس میں سابق پاکستانی صدر پر کلاس ڈسکشن کے لیے ایک خبر شائع کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کلاس رومز میں ہر طرح کی خبروں پر بات کرنا بہت عام بات ہے، خاص طور پر شہریت اور سماجی علوم جیسے مضامین میں، جس کی طرف یہ کتاب اشارہ کرتی ہے۔

وزارت نے کہا کہ کتابوں کے مواد کی ذمہ دار حکومت نہیں بلکہ پبلشرز ہیں۔ اس خاص کتاب کے پبلشر نے مطلع کیا ہے کہ نصابی کتاب کے نئے ایڈیشن کے لیے جائزہ لیا جا رہا ہے جو اگلے برس شروع کیا جائے گا۔ اگر مضامین پرانے ہیں یا موجودہ حقائق کو ظاہر نہیں کرتے ہیں تو انہیں تبدیل کر دیا جائے گا۔

مضمون میں آصف علی زرداری کے علاوہ پاکستان کے تین بارکے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

مضمون کے مطابق زرداری واحد سابق حکومتی رہنماء نہیں، جنہیں سزا سنائی گئی، وزیراعظم نواز شریف کو 2017  میں معزول کیا گیا تھا، گزشتہ سال انہیں کرپشن کے الزام میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس باب میں طلباہ سے مزید یہ کہا گیا ہے کہ وہ لکھیں کہ زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کیوں کہا جاتا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top