جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایران : امریکا اور برطانیہ کے لیئے جاسوسی کرنے پر چار افراد کو سزا

03 اکتوبر, 2019 09:10

تہران : ایران کی عدالت نے چار افراد کو امریکا اور برطانیہ کے لیئے جاسوسی کرنے پر عمر قید اور موت کی سزا سنائی ہے۔

ایران کےعدالتی حکام کے مطابق چار میں سے تین افراد کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ ایک کو موت کی سزا سنائی گئی۔

قید کی سزا پانے والے ملزمان پر پچپن ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، چاروں افراد مارچ دو ہزار اٹھارہ سے مارچ دو ہزار انیس کے درمیان گرفتار کیئے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب ایران سے جاری کشیدگی کو ختم کرنا چاہتا ہے : عراقی وزیر اعظم

موت کی سزا پانے والے شخص پر الزام ہے کہ وہ امریکا اور برطانیہ کے لیے ایران میں جاسوسی کی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔

مجرم کی شناخت سپریم کورٹ کی جانب سے سزا کی توثیق کے بعد بتائی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال ایران نے جاسوسی کے الزام میں متعدد افراد کو موت کی سزا دے دی تھی۔

ایرانی انٹیلی جنس کے ایک عہدہ دار کے مطابق امریکا کے ایک بڑے سائبر جاسوسی نیٹ ورک سے منسلک متعدد ایجنٹوں کو سزائے موت دی گئی ہے۔

ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے بتایا تھا کہ متعدد امریکی جاسوسوں کو ایران کے خلاف جاسوسی کے جرم میں عدالت کی طرف سے دی گئی سزائوں کے بعد موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی’ارنا’ کا کہنا تھا کہ ایرانی انٹیلی جنس کے انسداد جاسوسی شعبے کے ڈائریکٹر حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ ایران میں‌’سی آئی اے’ کا ایک جاسوس نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، جو ایران کے خفیہ راز لیک کرنے میں سرگرم تھا۔

ایرانی عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ ‘سی آئی اے’ نے سائبر جاسوس نیٹ ورک سے رابطے کے لیے ایک ویب سائٹ بنا رکھی ہے۔ اس کے علاوہ متعدد دیگر ویب سائیٹس کے ذریعے بھی یہ گروپ امریکیوں کے ساتھ رابطے میں‌ تھا۔

انہوں ‌نے کہا کہ ہم نے تمام ویب سائیٹس اور اس کے ذریعے امریکیوں کے ساتھ رابطہ کرنے والے جاسوسوں کا پتا چلا لیا ہے۔

ہم نے اس حوالے سے اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ بھی معلومات کا تبادلہ کیا ہے جس کے بعد دوسرے ملکوں میں بھی اسی طرح کے جاسوس نیٹ ورک کا پتا چلایا گیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top