جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

غیر ملکی قرضوں کے حجم میں اضافہ ہوا، حماد اظہر نے سینیٹ میں اعتراف کرلیا

17 جنوری, 2020 15:01

اسلام آباد : حکومت نے سینیٹ اجلاس میں اعتراف کیا کہ غیر ملکی قرضوں کے حجم میں اضافہ ہوا، وزیر مملکت حماد اظہر نے قرضوں میں اضافے کی وجہ روپے کی قدر میں کمی کو قراردیا۔

سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے غیر ملکی قرضوں کے حجم میں اضافہ کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کے مقابلے میں قرض کے حجم میں اضافہ کی وجہ روپے کی قیمت میں کمی ہے۔ سال 2013 میں قرض کے مقابلے میں جی ڈی پی کا حجم 63.8 فیصد تھا، جو 2018 میں 72 فیصد تھا اور اب 78 فیصد ہے، آنے والے سالوں میں قرضے کا کل حجم جی ڈی پی کے مقابلے میں بہتر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : 2019 میں معشیت کو استحکام ملا، 2020 میں ثمرات عوام تک پہنچیں گے : فیصل جاوید

حماد اظہر نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مالی خسارہ 1922 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ مالی خسارہ جی ڈی پی کا پانچ فیصد ہے، حکومت نے نو ماہ کے دوران 35 ارب سے زائد مالیت کے قرضے لیے ہیں۔

اپوزیشن ارکان نے معاشی کارکردگی کو خراب قرار دیتے ہوئے حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کئی سوالات بھی اٹھائے۔

سینیٹر مشتاق نے کہا حکومت نے معیشت کا برا حال کر دیا۔ ایف بی آر کا شاٹ فال ساڑھے تین سو ارب سے بڑھ گیا۔

سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ شرح ترقی میں تیزی سے کمی اور شرح مہنگائی میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حکومت بتائے افراط زر کی شرح کیا رہی، قرضہ واپسی کا کیا پروگرام بنایا ہے۔

وزارت خزانہ نے اثاثہ جات ظاہر کرنے کے آرڈیننس سے فائدہ اٹھانے والوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کردیں.

آرڈیننس سے 1لاکھ، 24 ہزار 587 افراد نے فائدہ اٹھایا۔ ایمنسٹی اسیکم سے حکومت کو ایک کھرب 23 ارب سے زائد کا ریونیو ملا، گزشتہ ایمنسٹی اسیکم سے 80 ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا تھا۔

وزارت نجکاری نے ایوان کو بتایا کہ پانچ سال کے دوران اداروں کی نجکاری سے حکومت کو 172ارب کا ریونیو ملا۔

اپوزیشن ارکان نے وزراء کی غیر حاضری پر احتجاج کیا اور کہا کہ متعلقہ سوالات کے جوابات ملتے ہیں نہ ہی وزراء آتے ہیں۔

اپوزیشن کے شور شرابہ پر سینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز نے کہا ایوان کا ماحوال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اپوزیشن نے تہیہ کیا ہوا کہ ایوان کو نہیں چلنے دینا۔ چئیرمین ایوان کا ماحول خراب کرنے والے ارکان کو منع کریں۔ سینیٹ اجلاس پیر سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top