جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اینکر پرسن قتل کیس : ملزم نے دیگر شراکت داروں کو بھی بلایا تھا : پولیس

10 جولائی, 2019 13:55

کراچی : پولیس کے مطابق ملزم عاطف نے مرید عباس کے علاوہ دیگر شراکت داروں کو بھی بلایا تھا پر وہ دیر سے پہنچے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ڈیفنس میں اینکر پرسن مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کے واقعہ کی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزم عاطف کی گاڑی تحویل میں لے کر گاڑی سے 50 سے زائد گولیاں بھی برآمد کرلی ہیں۔ ملزم نے چلتی ہوئی گاڑی سے فائرنگ کی، قتل کی واردات سے لگتا ہے ملزم ماہر نشانہ باز ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہو کر گھر گیا تھا، ملزم عاطف کی نشاندہی کے بعد جب پولیس گھر پہنچی تو ملزم نے دل کی جانب گولی مار کر خود کشی کرنے کی کوشش کی۔ زیر حراست ملزم عاطف کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول مرید عباس اور ملزم عاطف ایک ہی رہائشی اپارٹمنٹ میں رہتے تھے۔ ملزم عاطف زمان نے مقتولین کے ساتھ دیگر کاروباری شراکت داروں کو بھی پیسے کی ادائیگی کے لیے فون کرکے بلایا تھا، کچھ افراد قتل کی واردات کے بعد پہنچے۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس نے دیگر افراد کے بھی بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔ ملزم عاطف نے تقریباً ڈھائی ارب روپے کی ادائیگی مرید عباس سمیت دیگر افراد کو کرنا باقی تھی۔ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ کسی اور کا نکلا تو نیا مقدمہ درج کیا جائیگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top