جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری ٹرمپ کی پالیسیوں سے ناراض، عہدے سے استعفیٰ دیدیا

08 اپریل, 2019 18:42

امریکا کے ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کی سیکریٹری کرسجن نیلسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متنازع بارڈر پالیسی کے باعث عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

کرسجن نیلسن کو میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر اور ہجرت کر کے آنے والے خاندانوں کو علیحدہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن پالیسی کو مزید سخت کرنے کے اشارے کے بعد کرسجن نیلسن نے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

ٹرمپ کو اکثر امیگریشن پالیسیاں مزید سخت نہ کرنے کی وجہ سے ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری پر الزامات لگاتے بھی سنا گیا۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کرسجن نیلسن نے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر کے بارڈر کی صورت حال کے مستقبل کے لائحہ عمل تیار کرنے پر گفتگو کی تھی۔

امریکی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کرسجن نیلسن پر عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔

کرسجن نیلسن نے اپنے استعفے میں کوئی خاص وجہ نہیں بتائی لیکن یہ ضرور لکھا کہ استعفیٰ دینے کا یہ بالکل ٹھیک وقت ہے اور امریکا آج پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن کمشنر کیون مک الینن ہوم لینڈ سیکیورٹی کے نئے عارضی سیکریٹری ہوں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top