جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ریاست کے سوا کسی بھی ادارے یا گروہ کا طاقت کا استعمال، مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے: آرمی چیف

17 نومبر, 2023 18:30

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ریاست کے سوا کسی بھی ادارے یا گروہ کا طاقت کا استعمال، مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے۔

آئی ایس پی آر مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے علمائے کرام و مشائخ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علمائے کرام نے رواداری، امن اور استحکام لانے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا، علماء و مشائخ نے فورسز کی انتھک کوشش کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

علماء کرام کا کہنا تھا کہ اسلام امن اور ہم آہنگی کا مذہب ہے، بعض عناصر کی طرف سے مذہب کی مسخ شدہ تشریح ذاتی مفادات کیلئے ہے، جس کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گمراہ کن پروپیگنڈے کے خاتمے کیلئے علماء کے فتویٰ ”پیغام پاکستان“ کو سراہا اور گمراہ کُن پروپیگنڈے کی تشہیر اور اس کا تدارک کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام اور افواج پاکستان ہمیشہ ایک تھے اور ایک ہی رہیں گے : آرمی چیف

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے حکومت کے غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے اقدامات کی حمایت کی، دستاویزی نظام (پاسپورٹ) کے نفاذ، انسداد اسمگلنگ اور بجلی چوری کیخلاف اقدامات کی حمایت کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے افغان سرزمین سے دہشتگردی پر پاکستان کے مؤقف، تحفظات کی بھی مکمل حمایت کی اور پاکستان کے تحفظات دور کرنے کےلیے افغانستان پر سنجیدہ اقدامات کرنے پر زور دیا اور فلسطینیوں پر مظالم پر غم و غصے کا اظہار، انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا۔

اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بغیر کسی مذہبی، صوبائی یا کسی اور امتیاز کے پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے، بغیر کسی قبائلی ، لسانی،نسلی، فرقہ وارانہ یا کسی اور امتیاز کے پاکستان تمام پاکستان کا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ریاست کے سوا کسی بھی ادارے یا گروہ کا طاقت کا استعمال، مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top