جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پاکستانی عوام اور افواج پاکستان ہمیشہ ایک تھے اور ایک ہی رہیں گے : آرمی چیف

14 اگست, 2023 10:30

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دو قومی نظریے پر بنا، افواج پاکستان اور عوام ہمیشہ ایک تھے، ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقد ہ تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھاکہ قوم کو 76 واں جشن آزادی مبارک ہو، پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر بنا اور آج کا دن مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہاکہ ہم اندرونی اور بیرونی دشمن سے بخوبی آگاہ ہیں، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہمارا مشن ہے، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے، ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے قول کہ “دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی” کے امین ہیں، میں اس موقع پر اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خودمختاری اور سالمیت کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان آرمی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پُر عزم ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ آج کا دن پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے، ہم ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں شدت پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں پاکستان کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا سامنا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں سے مالامال سرزمین ہے، قوم اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی اور ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا، یہ عناصر معاشرے میں نا امیدی پھیلانے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہیں، کوئی ملک اور قوم چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔

آرمی چیف نےکہا کہ قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوششیں ناکام ہونگی، ہمیں جغرافیائی، سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، قوم ان چیلنجز خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ، صلاحیت اور قابلیت رکھتی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top