جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مردم شماری میں 3 کروڑ سے کم کسی بھی نمبرکو قبول نہیں کریں گے: خالد مقبول

31 جولائی, 2023 15:01

کراچی: خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ 3 کروڑ سے کم کسی بھی نمبرکو قبول نہیں کریں گے، آبادی کم دکھانے کی سازش ایم کیو ایم قبول نہیں کرے گی، ہمارے مطالبے کو احتجاج میں تبدیل نہ ہونے دیں۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرلیں گی، اسمبلیوں کی مدت پوری ہونا اچھا شگن ہے، کراچی کی مردم شماری پر بار بار شب خون مارا گیا، کراچی کی گنتی میں ڈنڈی ماری گئی ہے، ایم کیو ایم نے ہر فورم پر اپنا مقدمہ لڑا، مردم شماری کی مدت اسی لیے بڑھائی تھی کہ شاید انصاف ملے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی ایک کروڑ 95 لاکھ سے 2 کروڑ بتانے کا منصوبہ ہے، ایم کیو ایم نے جن خدشات کا اظہار کیا تھا ثبوت بھی دکھائے، ٹیکنالوجی نے سب کچھ آسان کردیا ہے، 2012 میں کراچی کی آبادی کو 3 کروڑ کے لگ بھگ بتایا گیا تھا، کراچی کی آبادی 2 کروڑ بتانے کی سازش قبول نہیں، ایم کیو ایم کراچی کی موجودہ آبادی کے نمبر کو نہیں مانے گی، ہم اس کے لیے قانون، آئین، جمہوری تقاضوں کے مطابق لڑے ہیں، ہم نے 60 لاکھ افراد ان کو ڈھونڈ کر بتائے یہ بھی کم کامیابی نہیں، یہ 60 لاکھ افراد ان پر فرد جرم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  ایم کیو ایم پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج مسترد کردیے

ان کا کہنا تھا کہ سب کو متنبہ کررہے ہیں سوا کروڑ لوگوں کا خسارہ قومی خسارہ ہے، میری درخواست ہے اس مطالبے کو احتجاج میں تبدیل نہ کریں، مردم شماری کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، اندرون سندھ لسانی تقسیم کےلیے آبادی کی ڈیوسٹریشن ہوئی ہے، اس معاملے کےلیے بھی ایک کمیشن قائم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ سے کم کسی بھی نمبرکو قبول نہیں کریں گے، آبادی کم دکھانے کی سازش ایم کیو ایم قبول نہیں کرے گی، ہمارے مطالبے کو احتجاج میں تبدیل نہ ہونے دیں۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے ٹیکس سے اسلام آباد چل رہا ہے، ہم ٹیکس دے رہے ہیں اور ذمہ داری سے دے رہے ہیں، ٹیکس دینے والا طبقہ پوری دنیا میں محب وطن کہلاتا ہے، انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے، ہماری تیاری مکمل ہے، آدھی مردم شماری کے ساتھ انتخابات ہو ہی نہیں سکتے، شفاف مردم شماری کے ساتھ شفاف حلقہ بندیاں ہونی چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top